پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان راولپنڈی میں جاری ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں میزبان ٹیم کی بیٹنگ ایک بار پھر لڑکھڑا گئی اور تیسرے روز کے اختتام پر صرف 129 رنز پر چھ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں۔
پاکستان نے جنوبی افریقہ کی ٹیم کے پہلی اننگز میں 201 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد تیسرے روز اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو پہلا کھلاڑی عمران بٹ صفر کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد 28 کے مجموعی اسکور پر عابد علی 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جب کہ کپتان بابر اعظم بھی کوئی بڑی اننگ نہ کھیل سکے اور 45 کے مجموعی اسکور پر آٹھ رنز بنا کر واپس لوٹ گئے۔
اظہر علی نے 33 رنز بنائے اور وہ پاکستان کی جانب سے اب تک دوسری اننگ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے البتہ 63 کے مجموعی اسکور پر ان کے آؤٹ ہونے پر پاکستان کے چار کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔
فواد عالم پاکستان کے آؤٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی تھے انہوں نے بھی مجموعی اسکو میں صرف 12 رنز کا اضافہ کیا۔
پاکستان کی چھٹی وکٹ 128 رنز پر گری جب پہلی اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے فہیم اشرف 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
Your browser doesn’t support HTML5
تیسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 51 اوورز میں 129 رنز بنائے تھے جب کہ اسے جنوبی افریقہ پر 200 رنز کی برتری حاصل ہو چکی ہے۔
پاکستان کے وکٹ کیپر محمد رضوان 28 رنز اور حسن علی بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود ہیں۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے کامیاب بالر جارج لنڈے رہے جنہوں نے نو اوورز میں 12 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ جب کہ کیشو مہاراج نے 21 اوورز میں 74 رنز کے عوض 2 اور ربادا نے 7 اوورز میں 4 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں جنوبی افریقہ نے کھیلا کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز 106 رنز پر چار کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم مجموعی اسکور میں 95 رنز کا اضافہ ہی کر سکی اور 66 اوورز میں 201 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی کامیاب ترین بالر رہے جنہوں نے 54 رنز کے عوض 16 اوورز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف اور نعمان علی ایک ایک وکٹ ہی حاصل کر سکے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے پہلی اننگز میں سب سے کامیاب بلے باز ٹیمبا باؤما رہے جنہوں نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔
واضح رہے کہ پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 272 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔ یوں جنوبی افریقہ کے 201 رنز پر آؤٹ ہونے پر پاکستان کو 71 رنز کی برتری حاصل تھی۔
خیال رہے کہ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کو پہلے ہی 0-1 سے برتری حاصل ہے۔ جنوبی افریقہ کو کراچی ٹیسٹ میں شکست ہوئی تھی۔