امریکی کمپنی اسپیس ایکس کے راکٹ فالکن 9 کو جمعے کی صبح فلوریڈا سے روانہ کیا گیا جس کا مقصد سٹار لنک کمپنی کے انٹرنیٹ نظام سے متعلق 57 سیٹلائٹ زمین کے مدار میں پہنچانا تھا۔
اسپیس ایکس کے راکٹ فالکن 9 نے اپنی پرواز کے ڈیڑھ گھنٹے کے بعد اسٹار لنک نامی سیاروں کو خلا میں چھوڑ دیا۔ زمین کے مدار میں اس کمپنی کے سیٹلائٹ پہنچانے کی یہ 10 ویں پرواز تھی۔
دنیا بھر میں تیز تر انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے سٹارلنک اب تک اپنے 600 سیٹلائٹ خلا میں بھیج چکی ہے۔
پروگرام کے مطابق راکٹ کا پہلا حصہ لانچ ہونے کے بعد ایک ڈرون جہاز پر اتر گیا۔
جمعے کے روز ہونے والی یہ لانچنگ کمرشل کمپنی اسپیس ایکس کے ایک مصروف ہفتے کی سرگرمیوں کا حصہ ہے۔ اس سے قبل اتوار کے روز خلائی کیپسول ڈریگن، بین الاقوامی خلائی مرکز سے دو امریکی خلابازوں کو لے کر خلیج میکسیکو میں اترا تھا۔ سن 2011 کے بعد سے یہ پہلا موقع تھا کہ اسپیس ایکس کے ایک راکٹ کے ذریعے امریکی خلاباز بین الاقوامی خلائی سٹیشن بھیجے گئے تھے۔
اس کے دو روز کے بعد اسپیس ایکس کے انجنیئروں نے ٹیکساس کے علاقے بوکا چیکا میں بھاری سامان کی باربرداری کے لیے سٹار شپ راکٹ کے ایک ماڈل کا تجربہ کیا تھا۔