سری لنکا کے بولرز کی تباہ کُن بولنگ کے باعث پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں سری لنکا نے بھارت کو سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک۔صفر کی برتری حاصل کر لی۔ لکمل نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
ویراٹ کوہلی کی جگہ ٹیم کی قیادت کرنے والے روہیت شرما کا شکست کے بعد کہنا تھا کہ یہ آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے۔ ہم اس سے سبق حاصل کریں گے۔
دھرم شالہ میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ دوسرے ہی اوور میں سری لنکا کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب شیکھر دھون بغیر کھاتہ کھولے میتھیوز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
اس کے بعد میزبان ٹیم کی وکٹیں اس طرح گرتی چلی گئیں جیسے خزاں کے موسم میں سوکھے پتے۔ صرف 16رنز پر بھارت کی آدھی ٹیم پویلین سدھار چکی تھی۔
روہیت شرما 2، شریاس ایئر 9، دنیش کارتک صفر، منیش پانڈے 2 رنز بناسکے۔
پانچ وکٹوں کے نقصان پر16 رنز ایک روزہ میچوں میں بھارت کی بدترین پرفارمنس ہے۔ 1983ء کے ورلڈ کپ میں بھارت نے زمبابوے کے خلاف 5 وکٹیں گنوا کر 17 رنز بنائے تھے۔
مہندر سنگھ دھونی نے کسی قدر مزاحمت دکھائی اور 65 رنز کی اننگز کھیلی۔ دھونی، پانڈے اور کلدیپ یادیو کے سوا کوئی بھی بھارتی بیٹسمین ڈبل فیگر میں اسکور نہ کرسکا جبکہ 4 بیٹسمین تو کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوئے۔
اس طرح بھارت کی پوری ٹیم 38اعشاریہ 2اوورز میں 112رنز پر ڈھیر ہوگئی جو بھارتی ٹیم کا اپنی سرزمین پر دوسرا کم ترین اسکور ہے۔ اس سے قبل1986ء میں بھارت نے سری لنکا ہی کے خلاف کانپور میں صرف 78رنز بنائے تھے۔
سری لنکا کی جانب سے لکمل نے 4، فرنانڈو نے 2جبکہ میتھیوز، پریرا، دننجایا اور پتھیرانا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
نسبتاً آسان ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم کی اننگز کا آغاز بھی اچھا نہ رہا اور صرف 7 رنز پر گونا تھلا کا صرف ایک رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ مجموعی اسکور 19 ہوا تو نئے آنے والے بیٹسمین تھراما نے بغیر کوئی رن بنائے بھونیشور کمار کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
تھرنگا اور میتھیوز نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 46 رنز بناکر ٹیم کو مشکل سے نکالا، تھرنگا 49 رنز کی اننگز کھیل کر میتھیوز کا ساتھ چھوڑ گئے۔
میتھیوز اور ڈک ویلا نے مزید کوئی وکٹیں گنوائے بغیر20 اعشاریہ 4 اوورز میں اسکور 114 رنز تک پہنچادیا۔
اس طرح سری لنکا نے بھارت کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔میتھیوز 25 اور ڈک ویلا 26 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
لکمل کو بہترین بولنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ وشاکھا پٹنم میں کھیلے جائے گا۔