بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم 'جوان' کی ریلیز سے متعلق قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ یہ فلم آئندہ ماہ دو جون کے بجائے اب عیدالاضحیٰ پر ریلیز کی جائے گی۔
پروڈکشن کمپنی 'ریڈ چلیز' نے 'جوان' کی ریلیز کی تاریخ دو جون 2023 ہی بتائی گئی تھی اور اب تک کمپنی کا فلم کی ریلیز کی تاریخ آگے بڑھانے سے متعلق کوئی آفیشل بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
البتہ بھارتی شو بز ویب سائٹ 'بالی وڈ ہنگامہ' کے مطابق 'جوان' کو 29 جون 2023 یعنی عیدالاضحیٰ پر ریلیز کیا جا سکتا ہے۔ اگر ایسا ہوا تو اس فلم کو لونگ ویک اینڈ مل جائے گا جب کہ عید الاضحیٰ کی وجہ سے فلم کو فائدہ ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب اداکار سدھارتھ ملہوترا کی فلم 'یودھا' اور آیوشمان کھرانہ کی فلم 'ڈریم گرل 2' کوسات جولائی کو سنیما گھروں کی زینت بننا تھا لیکن ان کی ریلیز کی تاریخ گزشتہ ہفتے ہی آگے بڑھائی گئی ہے۔
SEE ALSO: 'جب آخری فلم فلاپ ہوئی تو متبادل کاروبار کا سوچ لیا تھا''بالی وڈ ہنگامہ' کے مطابق ان دونوں فلموں کی ریلیز کی تاریخ آگے بڑھنے سے متعلق قیاس آرئیاں کی جا رہی ہیں کہ ان دونوں فلموں کے منتظمین انہیں شاہ رخ خان کی فلم کے ساتھ ریلیز کرنا نہیں چاہتے۔
یہی نہیں اداکار کارتک آریان اور کیارا اڈوانی کی فلم 'ستیا پریم کی کتھا' بھی 29 جون کو سنیما گھروں کی زینت بننے کے لیے تیار ہے۔ اگر 'جوان' کی ریلیز کا اعلان بھی 29 جون کو ہی ہو جاتا ہے تو دونوں فلموں کے درمیان کلیش ہو گا۔
فلم 'جوان' کی ہدایات آٹلی کمار نے دی ہیں جب کہ اس میں اداکارہ نینتارا اور وجے سیتوپتھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔ فلم میں اداکارہ دپیکا پڈوکون بھی مختصر کردار میں نظر آئیں گی۔
شاہ رخ خان اس سے قبل فلم 'پٹھان' میں نظر آئے تھے جو اب تک ایک ہزار کروڑ سے زائد بھارتی روپے کا بزنس کر چکی ہے۔