شام:مظاہروں میں گرفتار دو امریکی شہری رہا

شام:مظاہروں میں گرفتار دو امریکی شہری رہا

شام:مظاہروں میں گرفتار دو امریکی شہری رہا

شامی اہل کاروں نے رضوان اور روٹ کو احتجاجی مظاہروں کی تصاویر کھینچنے پر گرفتار کیا تھا

امریکہ نے کہا ہے کہ شام نے اُن دو امریکیوں کو رہا کردیا ہے جِن پر الزام تھا کہ اُنھوں نے شام کے مختلف حصوں میں زور پکڑتی ہوئی سیاسی بے چینی میں حصہ لیا تھا۔

اِس بات کی تصدیق محکمہٴ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے جمعے کے روز نامہ نگاروں سے بریفنگ کے دوران کی۔ اُنھوں نے کہا کہ 32سالہ محمد رضوان اور 21برس کے پاتھک روٹ کو رہا گردیا ہے۔

ٹونر نے کچھ اور تفصیلات بھی بتائیں۔ اُنھوں نے شام پر اِس بات کی تنقید کی کہ جب یہ دونوں اشخاص زیرِ حراست تھے، شام نے امریکہ کو اُن میں سےکسی سے بھی رابطے کی سہولت فراہم نہیں کی۔

رضوان کے رشتے دار وں نےاِس سے قبل جمعے کواُن کی رہائی کا اعلان کیا تھا۔

شامی اہل کاروں نے رضوان اور روٹ کو احتجاجی مظاہروں کی تصاویر کھینچنے پر گرفتار کیا تھا۔ رضوان کے پاس امریکی اور مصری شہریت ہے جب کہ اکیس سالہ روٹ امریکہ کی مشرقی ریاست ورمانٹ میں طالبِ علم ہیں۔

شام کے سرکاری خبر رساں میڈیا نے رضوان کی مبینہ اقرارِ جرم کی خبر نشر کی تھی جس میں وہ ایک کولمبیائی خاتون کو مظاہروں کی تصاویر بیچنے کی بات کرتے ہیں۔ بیان میں اُنھیں اس بات کا اقرار کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ وہ ایک دوست سے ملاقات کی غرض سےمغربی کنارے کا دورہ کر چکے ہیں۔
اِس سے قبل اسی ہفتے رضوان کی خالہ زاد، نورا شلابی نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ یوں لگتا ہے کہ یہ اقرار نامہ زبردستی حاصل کیا گیا ہے۔

رضوان امریکی ریاست ٹیکساس میں پلا بڑھا اور شام میں رہتا رہا ہے۔ اُن کے رشتہ دار بتاتے ہیں کہ وہ قاہرہ جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

توقع ہے کہ روٹ امریکہ لوٹیں گے۔