سنیما گھروں میں 'دی سپر ماریو بروز' کا جادو چل گیا

فلم نے مقامی باکس آفس سے 20.4 کروڑ جب کہ عالمی باکس آفس سے 17.3 کروڑ ڈالرز کا بزنس کیا ہے۔

اینی میٹڈ فلم 'دی سپر ماریو بروز' نے ریلیز ہوتے ساتھ ہی باکس آفس پر تہلکہ مچا دیا۔ فلم نے ایک ہفتے کے دوران دنیا بھر سے 37.7 کروڑ ڈالرز کا بزنس کیا ہے۔

فلم نے مقامی باکس آفس سے 20.4 کروڑ جب کہ عالمی باکس آفس سے 17.3 کروڑ ڈالرز کا بزنس کیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ' پریس کے مطابق 'دی سپر ماریو بروز' نے ویڈیو گیم ایڈاپشن فلم 'وار کرافٹس' اور اینی میٹڈ فلم 'فروزن 2' کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ جنہوں نے بالترتیب 21 کروڑ اور 35.8 کروڑ ڈالرز کا اوپننگ بزنس کیا تھا۔

دی سپر ماریو بروز کو 2023 کی سب سے بڑی اوپننگ فلم بھی کہا جا رہا ہے۔ جب کہ اس فلم نے دوسری بڑی اینی میٹڈ اوپننگ کا بھی اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

فلم کی ہدایات ایرن ہورواتھ اور مائیکل جلینک نے دی ہیں جب کہ اس میں کرس پریٹ 'ماریو' کی آواز بنے ہیں۔

SEE ALSO: باکس آفس پر پے درپے ناکامیاں؛ کیا سپر ہیروفلموں کا کامیاب دور ختم ہو رہا ہے؟

میڈیا کمپنی کوم اسکور کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت مقامی باکس آفس پر فلم 'دی سپر ماریو بروز' پہلے نمبر پر ہے۔

فلم 'جان وک: چیپٹر 4' اور 'ڈنجنز اینڈ ڈریگن: اونر امنگ تھیوز' بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں اور دونوں فلموں نے اب تک بالترتیب 1.46 کروڑ اور 1.45 کروڑ ڈالرز کا بزنس کیا ہے۔

اسی طرح چوتھے اور پانچویں نمبر پر فلم 'ایئر' اور 'اسکریم سکس' ہیں جنہوں نے باکس آفس پر بالترتیب 1.45 کروڑ اور 30 لاکھ 30 ہزار ڈالرز کا بزنس کیا ہے۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے' ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔