امریکی محکمۂ خزانہ کی گاڑی سے 20 لاکھ سکے چوری ہوئے: حکام

فائل فوٹو

امریکہ میں حکام نے محکمۂ خزانہ سے چوری ہونے والے سکوں کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری کر دیں ہیں جس کے مطابق ریاست پینسلوینیا کے شہر فلاڈیلفیا میں ٹرک سے 20 لاکھ سکے چوری ہوئے تھے۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق چوری کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب محکمۂ خزانہ کے سکوں کے بیورو (یو ایس منٹ) کے ایک ڈرائیور نے میامی جاتے ہوئے اپنے ٹرک کو ایک پارکنگ ایریا میں کھڑا کیا تھا۔

ٹرک ڈرائیور کچھ دیر سونے کی غرض سے اس پارکنگ ایریا میں رکا تھا۔

اس ٹرک میں لگ بھگ ساڑھے سات لاکھ ڈالرز کے سکے موجود تھے جس کے بارے میں حکام کا کہنا تھا کہ رواں برس 13 اپریل کو جب یہ ٹرک پارکنگ ایریا میں کھڑا تھا تو چور اس میں موجود سکوں سے کچھ حصہ چوری کرکے لے گئے تھے۔

ان سکوں میں سے ہزاروں سکے شمال مشرقی فلاڈیلفیا میں مختلف مقامات سے ملے تھے۔

حکام نے بتایا ہے کہ چور 20 لاکھ ڈائمز لے گئے تھے جن کی مالیت دو لاکھ 34 ہزار 500 ڈالرز بنتی ہے۔

واضح رہے کہ جو سکے چوری کیے گئے وہ ایک ڈالر کے 10ویں حصے یعنی 10 سینٹ کے برابر تھے جن کو ڈائم کہا جاتا ہے۔

مزید خبریں

کرپٹو لین دین میں دھوکہ دہی اور فراڈ میں اضافےکے بعدبرطانوی  بینک کا پابندی کا فیصلہسور کا گوشت کھانے سے قبل دعا پڑھنے کا الزام؛ انڈونیشیا کی مسلم خاتون کو دو سال قیدکیا مائیکل جیکسن کا ہیٹ ایک لاکھ ڈالر سے زیادہ میں نیلام ہو جائے گا؟عمر بھر پانی نہ پینے والے خوبصورت جانور کوالہ کی نسل کیوں ختم ہو رہی ہے؟

حکام کا مزید کہنا ہے کہ اس علاقے میں دیگر ٹرکوں سے بھی چوریاں ہونے کا ایک سلسلہ سامنے آیا ہے جس میں پارکنگ ایریاز میں کھڑے ٹرکوں سے برف میں منجمد کیکڑے، جھینگے، گوشت، بیئر اور شراب چوری کیا جاتا رہا ہے۔

تفیتش کاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیکیورٹی کیمروں کی ویڈیوز حاصل کی گئی ہیں جن میں چھ افراد نظر آ رہے ہیں۔

ان کے مطابق ان افراد نے سرمئی رنگ کے لباس پہنے ہوئے ہیں جب ان کے ہاتھ میں بڑے سائز کے کٹر ہیں۔ وہ آدھی رات کو ٹرک کے قریب پہنچتے ہیں اور تالے توڑ کر اس میں داخل ہو جاتے ہیں۔ اس کے بعد وہ چھوٹے تھیلوں میں سکے بھرتے ہیں اور ایک اور گاڑی میں اس کو رکھنا شروع کر دیتے ہیں۔

اس واقعے کے حوالے سے فردِ جرم کو جمعے کو عام کیا گیا ہے جس کے مطابق سکوں کی چوری کے بعد ان میں سے ہزاروں سکوں کو میری لینڈ میں سکوں کی مشین میں نوٹوں میں تبدیل کیا گیا جب کہ فلاڈیلفیا کے نواحی علاقوں کے کم از کم چار بینکوں میں بھی سکے جمع کرائے گئے۔

فلاڈیلفیا کے حکام کا کہنا ہے کہ چار افراد ڈکیتی اور سرکاری رقم چوری کرنے کی سازش کے ساتھ ساتھ مختلف الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔

ان ملزمان کی عمریں 25 سے 32 برس کے درمیان ہیں۔