بھارت کے شہر بنگلورو کی پولیس نے حال ہی میں بین الاقوامی برنڈ 'نائیکی' کے جوتے چرانے کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کیا ہے جو انہیں کم داموں میں فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔
بھارتی اخبار 'انڈین ایکسپریس' کی رپورٹ کے مطابق بنگلورو پولیس نے منگل کو 1558 جوتے چوری کرنے کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کیا ہے جن کا تعلق ریاست آسام سے ہے۔ البتہ اس واردات کا ماسٹر مائنڈ اب تک مفرور ہے۔
چوری کا واقعہ دو ہفتے قبل 21 دسمبر کو اس وقت پیش آیا جب ایک شو روم سے جوتوں سے بھرا ٹرک ملک کے مشہوت ای کامرس پلیٹ فارم منترا کے گودام کی جانب روانہ ہوا۔
'انڈین ایکسپریس' کے مطابق جب ڈرائیور گودام تک نہیں پہنچا تو اس کے سپر وائزر نے اسے فون کیا تو اس نے بتایا کہ وہ 10 منٹ میں وہاں پہنچ جائے گا۔ اس کال کی تھوڑی ہی دیر بعد ڈارئیور کا فون بند ہو گیا۔
بعد ازاں منترا کے گودام کے عملے نے اس معاملے سے اپنے سپر وائزر آگاہ کیا کہ انہیں ابھی تک جوتے نہیں ملے جس کے بعد انہوں نے ٹرک میں لگے جی پی ایس کی مدد سے اس کی لوکیشن کا پتا لگایا۔
SEE ALSO: ایک ہی دورے میں دانتوں کی کئی سرجریز؛ امریکی خاتون کا ڈینٹسٹ پر مقدمہجب سپروائزر لوکیشن پر پہنچا تو اس نے دیکھا کہ گاڑی سے تمام جوتے غائب تھے۔ ٹرانسپورٹ سروس کے عہدیدار نے 23 دسمبر کو واقعے کی شکایت درج کی۔
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے مبینہ افراد کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ یہ واردات منصوبہ بندی کے تحت کی گئی ایک کوشش تھی۔ گرفتار افراد میں سے ایک کو پہلے بھی برانڈڈ کپڑے چوری کرنے کے سلسلے میں بھی گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ ان جوتوں کو آدھی قیمت پر بیچنے کے لیے کسی دوسرے شہر لے کر جانا چاہتے تھے۔