اسرائیل کی کارروائی میں تین فلسطینی عسکریت پسند ہلاک

فائل فوٹو

اسرائیل کی فورسز کی مغربی کنارے میں کارروائی میں تین فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق اسرائیل کی فوج نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب مغربی کنارے کے علاقے نابلس میں کارروائی کی جس میں 32 سالہ ابو زیتون، 30 سالہ ابو رازق اور 24 سالہ عبد اللہ ابو حمدان نشانہ بنے۔

فلسطینی وزارتِ صحت نے بھی تین افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب اسرائیل کی فوج کی جانب سے اس کارروائی پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

فلسطینی صدر محمود عباس کی جماعت الفتح پارٹی کے عسکری ونگ ’الاقصیٰ شہدا بریگیڈ‘ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز کی کارروائی میں نشانہ بننے والے تینوں افراد اس کے جنگجو تھے۔

SEE ALSO: فلسطینیوں کی ہجرت کے 75 برس مکمل، اقوامِ متحدہ کی پہلی بار یادگاری تقریب

خیال رہے کہ مغربی کنارے میں لگ بھگ 30 لاکھ فلسطینی بستے ہیں جب کہ چار لاکھ 90 ہزار یہودی بھی یہاں آباد ہیں البتہ بین الاقوامی قانون کے تحت یہودیوں کی آبادی کو غیر قانونی قرار دیا جاتا ہے۔

مغربی کنارے کے علاقےمیں حالیہ اموات غزہ میں پانچ دن تک جھڑپوں اور پھر جنگ بندی معاہدے کے بعد ہوئی ہیں۔

غزہ میں عسکری گروپ اسلامی جہاد کے ساتھ اسرائیلی فورسز کی جھڑپوں میں متعدد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

رواں برس اسرائیلی فورسز اور فلسطینیوں میں ہونے والی جھڑپوں میں 153 فلسطینی اور 20 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔

جھڑپوں میں ایک یوکرینی اور ایک اٹلی کا شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔