کراچی ٹریفک حادثہ، آٹھ افراد جاں بحق، متعدد زخمی

پولیس کے مطابق، حادثہ ٹرک ڈرائیور کی غفلت اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ جبکہ، ندی میں ڈوبنے والے کئی مسافروں کی تلاش جاری ہے
کراچی میں ٹریفک کے ایک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد جاں بحق، جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

بدھ کی شام کراچی کے علاقے گارڈن میں لیاری ایکسپریس وے کے راستے سے گزرنے والے ٹرک کو حادثہ پیش آیا۔ منی ٹرک میں سوار ایک ہی خاندان کے کئی افراد لیاری ایکسپریس سے ماڑی پور جا رہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا اور ٹرک الٹ کر لیاری ندی میں گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

’ریسکیو‘ ذرائع نے حادثے کے موقع پر پہنچ کر لیاری ندی میں گرنےوالے ٹرک کے زخمی مسافروں اور لاشوں کو باہر نکالا۔

بہت سے زخمی تشویشناک حالت میں بتائے جاتے ہیں، جنھیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

اسپتال ذرائع نے آٹھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔


میڈیا ذرائع کے مطابق، پولیس کا کہنا ہے کہ ’حادثہ ٹرک ڈرائیور کی غفلت اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ ندی میں ڈوبنے کے باعث کئی افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا کام جاری۔