رئیل اسٹیٹ کےکاروبار سےمنسلک نامور تاجر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاہے کہ وہ امریکی انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے ۔ ان کے اس بیان کے ساتھ ہی تقریباً ایک مہینے سے جاری اس سے متعلق قیاس آرائیاں ختم ہوگئی ہیں۔
پیر کوجاری ا یک بیان میں انہوں نے کہا کہ بزنس ان کا شوق ہے اور اس شوق کی خاطروہ نجی شعبےکونہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ان کے لئے آسان نہیں ہے ، اس پر انہیں افسوس بھی ہے۔
ٹرمپ ریپبلکن کی جانب سے صدارتی امیدواری کے دعویدار تھے اور صدر براک اوبامہ کی جائے پیدائش کے تنازع کے حوالےسےجاری نام نہادمہم میں پیش پیش تھے، تاہم یہ مہم صدر اوبامہ کی جانب سے اپنا پیدائشی سر ٹیفکیٹ جاری کئے جانے کے بعد دم توڑ گئی تھی۔
ٹرمپ،صدارتی دوڑ میں حصہ نہ لینے کا اعلان کرنے والےدوسرے نمایاں ری پبلکن ہیں۔ اس سے قبل آرکنسا کے سابق گورنر مائیک ہکابی نے بھی گزشتہ ہفتے2012 کے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا تھا۔