صدارتی انتخابات کے لیے صدر ٹرمپ کی دوبارہ نامزدگی پارٹی کے پرائیویٹ اجلاس میں ہو گی

صدر ٹرمپ مڈلینڈ ٹیکساس میں ڈبل ایگل انرجی آئل رگ کے دورے کے موقع پر تقریر کر رہے ہیں۔ 29 جولائی 2020

ری پبلکن نیشنل کنونشن کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ اس ماہ کے آخر میں صدر ٹرمپ کی دوبارہ نامزدگی کے لیے ووٹنگ نجی سطح پر ہو گی اور اس اجلاس میں میڈیا کے نمائندے شریک نہیں ہوں گے۔

ری پبلکن پارٹی کے ترجمان کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے صدر ٹرمپ کو پارٹی کا امیدوار نامزد کرنے کے لیے ووٹنگ کی کارروائی کو پرائیویٹ سطح پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس سے پیشتر صدر ٹرمپ نے پچھلے ماہ فلوریڈا میں ہونے والے ری پبلکن پارٹی کے کنونشن کو کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے منسوخ کر دیا تھا۔

اب 24 اگست کو نارتھ کیرو لائنا کے شہر شارلٹ میں پارٹی کے 336 نمائندے جمع ہو کر اپنی پارٹی طرف سے صدارتی امیدوار کے طور پر صدر ٹرمپ کو ووٹنگ کے ذریعے دوبارہ نامزد کریں گے۔

عام طور پر نامزدگی کے کنونشن میڈیا کی موجودگی میں ہوتے ہیں۔ مقصد یہ ہوتا ہے کہ اس اجلاس کے ذریعے پارٹی کی تشہیر ہو اور پورے امریکہ میں اس کی دھوم مچے۔ اگر یہ کنونشن میڈیا کے بغیر منعقد کرنے کا فیصلہ برقرار رہتا ہے تو امریکہ کی جدید سیاسی تاریخ میں یہ پہلا واقعہ ہو گا۔

ری پبلکن پارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ نارتھ کیرو لائنا میں احتیاطی پابندیوں اور محدود جگہ کی وجہ سے شارلٹ کی سرگرمیوں کو پیر 21 اگست سے جمعہ 24 اگست تک میڈیا کور نہیں کر سکے گا۔ اگر اس میں کوئی تبدیلی ہوئی تو ہم اس کا اعلان کر دیں گے۔ مگر اس وقت ہم ریاست اور مقامی گائیڈ لائنز کی روشنی میں اس اجلاس کے شرکا کی تعداد کا تعین کر رہے ہیں۔

ماضی میں ری پبلکن پارٹی کے وفود نے دونوں شہروں میں جانے کے سلسلے میں نافذ احتیاطی تدابیر کے بارے میں تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ کیوں کہ وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسیز کی وجہ سے قرنطینہ کی پابندیوں پر لازمی عمل کرنا ہو گا۔ ان حالات میں غیر حاضر ڈیلیگیٹس کی طرف سے ذیلی رکن ووٹ ڈال سکے گا۔ جب کہ متبادل ڈیلیگیٹس اور مہمانوں کا داخلہ پہلے ہی روک دیا گیا ہے۔