اقوام متحدہ کی ایک اعلیٰ عہدیدار بدھ کو شام جارہی ہیں جہاں وہ امدادی کارکنوں کو سامان کی فراہمی اور زخمیوں کے انخلاء کے لیے زور دیں گی۔
عالمی ادارے کے انسانی ہمدردی ایجنسی کی سربراہ ویلری آموس جمعہ تک شام میں رہیں گی جس کے ایک روز بعد شام کے لیے خصوصی ایلچی اقوام متحدہ کے سابق سیکرٹری جنرل کوفی عنان بھی یہاں کا دورہ کریں گے۔
یہ دورے ایک ایسے وقت ہورہے ہیں جب شام کی حکومت پر گزشتہ ایک سال سے جاری پرتشدد کریک ڈاؤن ختم کرنے کے لیے عالمی دباؤ بڑھتا جارہا ہے۔
منگل کو امریکہ کا کہنا تھا کہ اس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اس بابت ایک نئی قرارداد تجویز کررہا ہے جب کہ ترکی کے رہنماؤں نے امدادی کارکنوں کو ملک میں فوری داخلے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔