رسائی کے لنکس

شام: حکام نے محصور علاقے میں امداد کی فراہمی روک دی


ریڈ کراس کے صدر نے اپنے بیان میں محصور شہریوں تک امداد پہنچانے کی اجازت نہ ملنے کو ناقابلِ قبول قرار دیا ہے

عالمی امدادی تنظیم ریڈ کراس کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ شامی حکام نے تنظیم کے رضاکاروں کو وسطی شہر حمص کے فوجی محاصرے کا شکارعلاقے بابا امر تک امدادی سامان اور ادویات پہنچانے سے روک دیا ہے۔

'انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس' کے صدر جیکب کیلن برجر نے جمعہ کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ شامی افواج نے سات ٹرکوں پر مشتمل امدادی قافلےکو بابا امر کے علاقے میں داخل ہونے سے روک دیا ہے جہاں باغی جنگجو اور عام شہری گزشتہ ایک ماہ سے محصور ہیں۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ حکومت نے جمعرات کو علاقے میں امداد پہنچانے کی اجازت دی تھی لیکن جمعہ کو امدادی قافلے کو علاقے میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔

ریڈ کراس کے صدر نے اپنے بیان میں محصور شہریوں تک امداد پہنچانے کی اجازت نہ ملنے کو ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریڈ کراس اور اس سے منسلک مقامی تنظیم کے رضاکار علاقے میں امداد کی ترسیل کی "جلد اجازت" ملنے کی امید پر آج رات حمص ہی میں قیام کریں گے۔

قبل ازیں جمعرات کو علاقے پہ قابض جنگجووں نے اعلان کیا تھا کہ وہ اشیائے ضرورت کی قلت کے باعث سنگین ہوتے انسانی بحران کے پیشِ نظر حکمتِ عملی کے تحت علاقے سے پسپا ہورہے ہیں۔

سیاسی کارکنوں کا کہنا ہے کہ شہر کو پانی اور بجلی کی فراہمی منقطع ہے جب کہ خوراک اور ادویات کی قلت شدید ہوگئی ہے۔

ریڈ کراس نے یہ بھی کہا ہے کہ شامی حکام نے امریکی نژاد صحافی میری کولون اور فرانسیسی فوٹو گرافر ریمی اوچلک کی میتیں تنظیم کے رضاکاروں کے سپرد کردی ہیں جنہیں دمشق لے جایا جارہا ہے۔

کولون اور اوچلک گزشتہ ہفتے بابا امر پہ کی جانے والی سرکاری فوج کی بمباری میں اس وقت ہلاک ہوگئے تھے جب ایک گولہ علاقے میں قائم صحافیوں کے کیمپ پر جا گرا تھا۔

بمباری میں زخمی ہونے والے دو دیگر فرانسیسی صحافی کئی روز تک علاقے میں محصور رہنے کے بعد جمعے کو فرانس پہنچے تو ملک کے صدر نکولس سرکوزی نے ان کا استقبال کیا۔

فری لانس رپورٹر ایڈتھ بوویئر اور ان کی خاتون فوٹو گرافر ولیم ڈینیئلز کو گزشتہ روز حمص سے نکال کر خفیہ طور پر لبنان کی سرحد پر پہنچایا گیا تھا جہاں سے انہیں فرانس لے جایا گیا۔

صدر سرکوزی نے شام میں فرانس کا سفارت خانہ بند کرنے کا بھی اعلان کیا ہے ۔ جمعہ کو کیے گئے اعلان کے مطابق فرانس نے یہ فیصلہ امریکہ اور برطانیہ کے مشورے کے بعد کیا ہے جو پہلے ہی دمشق میں اپنے سفارت خانے بند کرچکے ہیں۔

دریں اثنا، اقوامِ متحدہ کے مرکز برائے انسانی حقوق نے جمعہ کو اعلان کیا ہے کہ اسے موصولہ غیر حتمی اطلاعات کے مطابق جمعرات کو بابا امر کے علاقے میں 17 افراد کو پھانسی دی گئی ہے۔

مرکز کے ترجمان نے شامی حکام اور حزبِ اختلاف سے اپیل کی ہے کہ وہ مخالفین کو غیر قانونی انتقامی کاروائیوں، تشدد اور گرفتاریوں کا نشانہ بنانے سے گریز کریں۔

XS
SM
MD
LG