بینظیر قتل کیس تحقیقات، اقوام متحدہ باقی رقم واپس کرے گا: ذرائع

فائل

سرکاری ذرائع کے مطابق، اقوام متحدہ کے حکام نے حساب کتاب کے بعد، بچ جانے والی 23 لاکھ ڈالر رقم واپس کرنے سے متعلق پاکستان کو باضابطہ آگاہ کر دیا ہے

اقوام متحدہ نے سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو قتل کی تحقیقات پر آنے والے اخراجات کی مد میں موصول رقم میں سے 23 لاکھ ڈالر پاکستان کو واپس کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

اقوام متحدہ کے حکام نے حساب کتاب کے بعد بچ رہنے والی رقم سے متعلق پاکستان کو باضابطہ آگاہ کر دیا ہے۔ پاکستانی مشن میں تعینات پریس منسٹر کے مطابق، بینظیر بھٹو قتل کی تحقیقات پر آنے والے اخراجات کی مد میں پاکستان پیپلز پارٹی کی سابق حکومت نے اقوام متحدہ کو 35 لاکھ ڈالر ادا کئے تھے۔

تاہم، سابق حکومت کی درخواست پر کی جانے والی تحقیقات کے بعد، جو رپورٹ جاری ہوئی تھی اسے اس وقت کی پاکستانی حکومت نے مسترد کر دیا تھا اور سیکریٹری جنرل بان کی مون کو لکھے گئے ایک خط میں رپورٹ کو ’غلطیوں اور غیر مصدقہ استدلال سے پُر‘ قرار دیا تھا۔ لیکن، اقوام متحدہ کے سربراہ نے رپورٹ کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ چلی کے سابق مستقل مندوب ہیرولڈو مونوز کی سربراہی میں تین رکنی تحقیقاتی کمیشن نے اپنا کام مکمل پیشہ ورانہ انداز سے کیا۔

بقول پریس منسٹر، ’اقوام متحدہ نے پاکستانی سفارتکار ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو رقم کی واپسی جلد از جلد ممکن بنانے کی یقین دہانی کرائی ہے‘۔

محترمہ بینظیر بھٹو قتل کی تحقیقات کے لئے پاکستانی حکومت کی درخواست پر اقوام متحدہ کا یہ کمیشن 2008ء میں قائم کیا گیا تھا۔ اور رپورٹ 2010ء میں شائع ہوئی۔

بینظیر بھٹو کو 27 دسمبر 2007ء کو ایک جلسہٴعام کے بعد راولپنڈی کے لیاقت باغ کے قریب قتل کر دیا گیا۔

پاکستان نے واقعہ کی تحقیقات کے لئے اقوام متحدہ کو مجموعی طوپر 34 لاکھ 80 ہزار ڈالر کی رقم ادا کی تھی، جبکہ امریکہ اور برطانیہ نے بھی اس سلسلے میں ادائیگیاں کی تھیں، لیکن بڑی رقم پاکستان ہی کو ادا کرنا پڑی تھی۔

کمیشن نے 2010ء میں جب اپنا کام مکمل کرلیا تھا، اس نے پاکستان سے باقی رہ جانے والی کچھ رقم سیکریٹریٹ کاموں کے لئے رہنے دینے کی درخواست کی تھی جو کہ اس وقت منظور کرلی گئی تھی۔

پاکستانی مشن کا اصرار تھا کہ اقوام متحدہ تحقیقاتی اخراجات کی تفیصل دے اور باقی رہ جانے والی رقم واپس کرے۔

بدھ کو پاکستانی مشن کو باضابطہ آگاہ کیا گیا کہ حساب کتاب کے مطابق، اقوام متحدہ کے پاس پاکستان کے 23 لاکھ ڈالر موجود ہیں، جو وہ جلد ہی واپس کر دیگا۔