لوگوں کو افغانستان سے باہر جانے دیا جائے؛ سلامتی کونسل کا طالبان سے مطالبہ

فائل فوٹو

اقوام متحدہ کی منقسم سلامتی کونسل نے پیر کے دن طالبان پر زور دیا کہ امریکہ کے فوجی انخلا کے بعد وہ لوگوں کو افغانستان سے باہر جانے کی اجازت دینے کا عہد پورا کریں۔

تاہم، چین اور روس نے یہ کہتے ہوئے قراردار کی حمایت کرنے سے انکار کیا کہ یہ بات امریکہ کی جانب سے غیر منظم روانگی کے الزام سے دھیان ہٹانے کے مترادف ہے۔

پیر کے روز ووٹنگ کے دوران، فرانسیسی معاون سفیر نتالی بروڈہرسٹ نے کہا کہ ''اتحاد کی عدم موجودگی ہم سب اور افغان عوام کے لیے مایوسی کا باعث ہے''۔

روس اور چین ووٹنگ کے دوران غیر حاضر رہے، اور انھوں نے اس اقدام کو ویٹو نہیں کیا۔

فرانس نے برطانیہ اور امریکہ سے مل کر یہ قرارداد پیش کی تھی۔

قرارداد میں انسانی بنیاد پر امداد جاری کرنے، انسانی حقوق کی سربلندی کو یقینی بنانے اور انسداد دہشت گردی کے اقدام کا بھی مطالبہ کیا گیا تھا۔

ووٹنگ سے کچھ ہی دیر قبل امریکہ نے افغانستان سے فوج کا انخلا مکمل کیا، جس کے بعد امریکہ کی طویل ترین جنگ کا خاتمہ ہوا۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سلامتی کونسل کو توقع ہے کہ طالبان افغان باشندوں اور غیر ملکیوں کو بحفاظت ملک سے باہر جانے کی اجازت دینے کا اپنا عہد پورا کریں گے۔

طالبان نے کہا ہے کہ امریکی انخلا کے بعد وہ کابل ایئرپورٹ کا کنٹرول سنبھالیں گے اور معمول کے مطابق سفر کی اجازت دیں گے۔