امریکہ اور الجزائر نے دہشت گردی اور جرائم کے خلاف جنگ میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک قانونی معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جو کہ دونوں ملکوں کے درمیان قوائد کے نفاذ کا پہلا سمجھوتا ہے۔
امریکی اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر نے بدھ کے روز الجزائر کے دارالحکومت میں اپنے الجزائری ہم منصب طیب بلیز سے ملاقات کی، جہاں اُنھوں نے اِس معاہدے پر دستخط کیے۔
ایک بیان میں، ہولڈر نے دہشت گردی اور بین الاقوامی جرائم کے خلاف جنگ کے حوالے سے، الجزائر کو اہم ساجھے دار قرار دیا۔
اُنھوں نے کہا کہ معاہدے کی رو سے اِس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ دہشت گرد اور دیگر جرائم پیشہ لوگ کسی دوسرے ملک میں پناہ لے کرانصاف کے کٹہرے سے بچ نہ سکیں۔
معاہدے کے تحت دونوں ملکوں کے قانون کے نفاذ سےمتعلق عہدے داروں کودستاویزات اور بیانات کی دستیابی، ثبوت کے حصول، کسی مخصوص ملک میں افراد کی شہادت کا بندوبست کرنے کی راہ ہموار کرنا شامل ہوگا۔ معاہدے میں دہشت گردی، سائبر کرائیم، مالی جرائم اور دیگرغیر قانونی حرکات شامل ہیں۔
عالمی سطح پر امریکہ نے اِس نوعیت کے 50باہمی سمجھوتے کیے ہیں۔