امریکی محکمہ خارجہ نے وائس آف امریکہ (وی او اے) کو بتایا ہے کہ پاکستان میں اس وقت تقریباً 80 امریکی کمپنیاں کام کررہی ہیں جس سے ایک لاکھ 20 ہزار سے زیادہ پاکستانیوں کو براہ راست ملازمت کے مواقع حاصل ہوئے ہیں۔اور گزشتہ برس پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری میں 50 فی صد اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان کو ان دنوں شدید اقتصادی مسائل کا سامنا ہے اور اس کے زرمبادلہ کےذخائر تین ارب ڈالر کی کم ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں جو مخص تین ہفتوں کی درآمدی ضروریات پورا کر سکتے ہیں۔
پاکستان اپنی معاشی مشکلات پر قابو پانے کے لیےآئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر سے زیادہ کاپیکج حاصل کرنے کی کوشش کررہا ہے جس کے لیے اس نے حال ہی 170 ارب روپے کے نئے ٹیکسز لگائے ہیں اور ایندھن کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
مالی وسائل حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان اپنی برآمدات بڑھانے کے لیے نئی منڈیاں بھی تلاش کررہا ہے۔ ان دنوں پاکستان کے وزیر تجارت سید نوید قمر امریکہ کے دورے پر ہیں۔
SEE ALSO: امریکی وفد کا دورۂ پاکستان: 'یہ اسلام آباد کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا ہے'امریکی محکمہ خارجہ نے اس سلسلے میں وائس آف امریکہ کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں اس وقت تقریباً 80 امریکی کمپنیاں کام کررہی ہیں جس سے ایک لاکھ 20 ہزار سے زیادہ پاکستانیوں کو براہ راست ملازمت کے مواقع حاصل ہوئے ہیں۔ اس لحاظ سے امریکی کمپینوں اور ان کے مقامی ملحقہ اداروں کا شمار پاکستان میں روزگار فراہم کرنے والے بڑے آجروں میں ہوتا ہے۔
محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکہ گزشتہ 20 برسوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والا نمایاں ملک رہا ہے اور گزشتہ سال وہاں ہماری سرمایہ کاری میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
’’ پاکستان کے ساتھ ہمارے تجارتی تعلقات سے پاکستانی صنعتوں اور صارفین دونوں مستفید ہوئے ہو رہے ہیں۔ ہم طویل عرصے سے پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی رہے ہیں، جس میں مزید ترقی اور دوطرفہ تجارت کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات ہیں، خاص طور پر توانائی، زرعی آلات اور مصنوعات، فرنچائزنگ، خوردہ تجارت، اور انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی مصنوعات اور سہولتوں کے شعبوں میں‘‘۔
محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے معاشی استحکام کو تقویت دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ مضبوط تجارتی تعلقات کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ ہے کیونکہ وہ اب تباہ کن سیلاب کے اثرات سے باہر نکل رہا ہے۔
مزید براں امریکہ کی تجارت اور سرمایہ کاری کی کونسل ٹی آئی ایف اے پاکستان کے ساتھ اپنے تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کے لیے پر عزم ہے۔
( وی او اے)