بوکوحرام کے مساجد پر حملے، امریکہ کی مذمت

فائل

اخباری بیان میں، متاثرہ خاندانوں سے گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے، تعزیت کی گئی ہے جن کے پیارے ان حملوں میں ہلاک و زخمی ہوئے

امریکہ نے بوکوحرام کی جانب سے مساجد پر خوفناک حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔

امریکی محکمہٴخارجہ کے جاری کردہ ایک اخباری بیان میں، ریاست ادماوا میں یولا کی جمبوتو مسجد، ریاست برونو میں میدگوری کی مرکزی مسجد اور میدگوری کے دیگر مقامات پر اکتوبر کی 23 اور 24 تاریخوں کو ہونے والے حملوں کو ’انسانیت سوز‘ قرار دیا ہے۔

بیان میں متاثرہ خاندانوں سے گہرے دکھ اور ہمدردی کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے، جن کے پیارے ان حملوں میں ہلاک اور زخمی ہوئے تھے۔

حملوں میں بچوں، خصوصاً بچیوں کے استعمال کو وحشیانہ عمل قرار دیتے ہوئے اسے شمالی نائیجریا اور دریائے شاڈ کے علاقے میں بوکوحرام کی جانب سے لوگوں کو خوفزدہ کرنے کی بدترین مثال قرار دیا گیا ہے۔

امریکہ نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ نائیجریا کے عوام اور حکومت کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جاری جدوجہد میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔