بنگلہ دیشی بلاگر کا قتل، امریکہ کی مذمت

ترجمان

محکمہٴخارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’اِس گھناؤنے عمل نے ایک بار پھر اس بات کی نشاندہی کر دی ہے کہ پُرتشدد انتہا پسندی کے انسداد کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے‘

امریکہ نے بنگلہ دیش کے نامور ادیب اور بلاگر، نلادری چکرورتی کے ’بزدلانہ قتل‘ کی مذمت کی ہے۔

محکمہٴخارجہ کے ترجمان نے جمعے کو ایک اخباری بیان میں آنجہانی کے اہل خانہ سے تعزیت اور بنگلہ دیشی عوام سے اپنی ہمدردی اور حمایت کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اس گھناؤنے عمل نے ایک بار پھر اس بات کی نشاندہی کر دی ہے کہ پُرتشدد انتہا پسندی کے انسداد کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

بقول ترجمان، اظہار کی آزادی کے لیے، ہم بنگلہ دیشی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، جو اس ظالمانہ عمل کے خلاف ہیں اور آزادیِ اظہار کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔