مغربی کنارے میں تشدد، تین اسرائیلی آبادکاروں پر نئی امریکی پابندیاں نافذ

اسرائیلی آبادکار القانا کے قصبے میں سڑک پر ٹائروں کو آگ لگا رہے ہیں۔ فائل فوٹو

  • مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی کارروائیوں میں430 سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔
  • نئی پابندیاں تین اسرائیلی آبادکاروں اور دو فارمنگ مراکز پر عائد کی گئیں ہیں۔
  • امریکہ کا کہنا ہے کہ پابندیوں کا مقصد جواہدہی کے عمل کو آگے بڑھانا ہے۔

امریکہ نے تین اسرائیلی آبادکاروں اور فارمنگ کے دو مراکز پر یہ کہتے ہوئے پابندیاں لگا دی ہیں کہ وہ مغربی کنارے کے استحکام کو نقصان پہنچا رہے تھے۔

یہ واشنگٹن کی جانب سے اس سال اسرائیلی آبادکاروں پر پابندیاں عائد کیے جانے کا دوسرا واقعہ ہے۔ یہ پابندیاں 7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد سے مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کے تشدد میں اضافے کے خلاف امریکہ کے ردعمل کو ظاہر کرتی ہیں۔

SEE ALSO: مقبوضہ مغربی کنارا:اسرائیل کی بڑی فوجی کارروائی میں سولہ سالہ نوجوان ہلاک

امریکہ کے محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آج ہم ان افراد کے خلاف جوابدہی کاعمل آگے بڑھانے کے لیے مزید کارروائی کر رہے ہیں جو مغربی کنارے میں افراتفری اور تشدد کو بڑھاوا دے رہے ہیں۔

امریکہ کے محکمہ خزانہ کی ویب سائٹ پربتایا گیا ہے کہ مغربی کنارے کے تین اسرائیلی شہریوں پر پابندیاں لگائی گئی ہیں جن کے نام، زوی بار یوسف، نریا بن پازی اور موشے شاروت ہیں اور جن کی عمریں 20 اور 30 سال کے درمیان ہیں۔

محکمہ خزانہ نے دو فارموں پر بھی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جن کے نام موشس فارم اور زویس فارم ہیں۔ موشس فارم ، ترزا ویلی فارم آؤٹ پوسٹ کے نام سے بھی اپنی شناخت رکھتا ہے۔ جب کہ زویس فارم، حلمیش کی آبادی کے قریب واقع ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے جمعرات کو مغربی کنارے کے تین اسرائیلی آبادکاروں اور دو فارموں پر امریکی حکومت کی جانب سے پابندیان لگانے کا اعلان کیا۔ 14 مارچ 2024

ان پابندیوں کے تحت مذکورہ افراد اور فارموں سے منسلک امریکہ میں اثاثے منجمد ہو جائیں گے اور عمومی طور پر امریکیوں کو ان سے لین دین کرنے کی ممانعت ہو گی۔

فلسطینی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر کوحماس کے حملے کے بعد سے اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں کم از کم 430 فلسطینی مارے جا چکے ہیں۔

حماس کے حملے میں اے ایف پی کے مطابق 1160 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں سے زیادہ تر عام شہری تھے، جب کہ اسرائیل کی جوابی کارروائیوں میں حماس کی وزارت صحت کے مطابق 31 ہزار سے زیادہ فلسطینی مارے جا چکے ہیں۔

SEE ALSO: مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر تشددمیں ملوث چاراسرائیلی آبادکاروں پر امریکی پابندیاں نافذ

جمعرات کو میتھو ملر نے پریس کانفرنس کے دوران اسرئیل سے اپیل کی کہ وہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف تشدد روکنے کے لیے مزید اقدامات کرے۔

(اس رپورٹ کی تفصیلات اے ایف پی سے لی گئیں ہیں)