اردن میں تین امریکی فوجی ہلاک

ادرن فو جیوں کی مشق۔ 5 نومبر 2016

امریکی عہدیداروں نے کہا ہے کہ اردنی سیکیورٹی فورسز نے جمعے کے روز فضائیہ کے ایک مرکز پر گولیوں کے تبادلے میں امریکہ کے تین فوجی تربیت کار کو ہلاک کر دیا۔

ایک فوجی اہل کار موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جب کہ دو اہل کار عمان کے اسپتال میں دم توڑ گئے۔

جب کہ اس سے پہلے اردنی فوج کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں دو امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا کہا گیا تھا۔

اردن کی فوج نے کہا ہے کہ امریکی تربیت کار ایک کار میں سوار تھے اور وہ اپنی کار فوجی مرکز کے گیٹ پر روکنے پر ناکام رہے۔

فضائیہ کے مرکز الجعفر ایئر بیس پر گولیوں کے اس تبادلے میں ایک امریکی اہل کار اور ایک اردنی افسر زخمی ہوا۔

اردن میں امریکی سفارت خانے نے اسے سیکیورٹی کے ایک واقعے کا نام دیا ہے جس میں امریکی اہل کار بھی ملوث تھا۔ سفارت خانے نے کہا ہے کہ وہ متعلقہ حکام سے رابطہ کریں گے۔ تاہم اس سلسلے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

اردن امریکہ کا ایک قریبی اتحادی ہے اور اسے امریکہ کی جانب سے مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔

یہ فوجی مرکز ملک کے جنوبی علاقے میں واقع ہے۔