امریکی محکمۂ خارجہ نے تائیوان کے ساتھ غیر سرکاری تعلقات کے تحت دونوں ملکوں کے حکام کے مابین روابط پر عائد خود ساختہ پابندی ختم کر دی ہے۔
ماہرین کہتے ہیں کہ امریکہ کی طرف سے کیا گیا یہ اقدام تائیوان میں سراہا جائے گا لیکن چین اس سے خفا ہو گا۔
ہفتے کو ایک بیان میں امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکہ نے گزشتہ کئی عشروں سے اپنے سفارت کاروں اور حکام پر تائیوان کے حکام سے روابط کے معاملے پر پابندیاں عائد کر رکھی تھیں جنہیں اب ختم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تائیوان امریکہ کا قابلِ اعتماد پارٹنر ہے۔ لہذٰا اب امریکی حکومتی اداروں کے تائیوان کے حکام اور اداروں کے ساتھ تعلقات پر عائد پابندی کو ختم سمجھا جائے۔
Your browser doesn’t support HTML5
اس سے قبل امریکہ کے اعلیٰ حکام کی تائیوان جانے پر ممانعت تھی کیوں کہ ایسا کرنے سے چین کی ناراضگی مول لینے کا خطرہ رہتا تھا۔ ان پابندیوں کے باعث تائیوان کے صدر، نائب صدر، وزرا برائے امور خارجہ و امور دفاع کے واشنگٹن آنے پر ممانعت تھی۔
خیال رہے کہ چین، تائیوان کو اپنا حصہ سمجھتا ہے اور چینی قیادت مختلف مواقع پر یہ واضح کر چکی ہے کہ وہ اسے چین میں ضم کرنے کے لیے طاقت کے استعمال سے بھی گریز نہیں کرے گی۔
تائیوان کے معاملے پر چین اور امریکہ کے درمیان تناؤ رہتا ہے۔ تائیوان سے روابط رکھنے پر چین امریکہ سے نالاں رہتا ہے۔
امریکہ میں تائیوان کی مندوب بی کم شاؤ نے امریکہ کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کئی دہائیوں سے جاری یہ امتیاز اب ختم کردیا گیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ "یہ امریکہ اور تائیوان کے دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے ایک اہم دن ہے۔"
تائیوان کے امریکہ میں اقتصادی اور ثقافتی دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ کا یہ اقدام دو طرفہ تعلقات کی وسعت کو ظاہر کرتا ہے۔
امریکی محکمہ دفاع کے اعلی عہدیدار ڈریو تھامسن کہتے ہیں کہ روابط پر پابندیاں امریکہ اور تائیوان دونوں کے لیے بے سود تھیں اور امریکہ کا تائیوان کے ساتھ قریبی تعاون واشنگٹن کے حق میں ہو گا۔