روس سے امریکی سلامتی کو سب سے زیادہ خطرہ: ڈنفرڈ

یہ بات جنرل جوزف ڈنفرڈ نے جمعرات کے روز سینیٹ کی ’آرمڈ سروسز کمیٹی‘ کی سماعت کے دوران کہی، جس نے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے اگلے سربراہ کے طور پراُن کی نامزدگی کی توثیق کی

ایک امریکی جنرل نے روس اور چین کو امریکی قومی سلامتی کے لیے بالترتیب نمبر ایک اور نمبر دو خطرہ قرار دیا ہے۔

بقول اُن کے، ’روس سے ہماری قومی سلامتی کو سب سے زیادہ خطرہ لاحق ہے‘، جسے اُنھوں نے ’خوفناک‘ قرار دیا۔

یہ بات جنرل جوزف ڈنفرڈ نے جمعرات کے روز سینیٹ کی ’آرمڈ سروسز کمیٹی‘ کی سماعت کے دوران کہی، جس نے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے اگلے سربراہ کے طور پراُن کی نامزدگی کی توثیق کی۔

جب اُن سے پوچھا گیا آیا امریکہ کو یوکرین کو ضرر رساں ہتھیار فراہم کرنے چاہئیں، تو ڈنفرڈ نے کہا کہ فوجی لحاظ سے دیکھا جائے تو یہ ’مناسب‘ اقدام ہوگا۔


ڈنفرڈ نے کہا کہ، ’صاف عرض کروں کہ ایسی حمایت کے بغیر (یوکرینی) روسی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع نہیں کر پائیں گے‘، نہی وہ اپنے ملک کے مشرقی خطے میں روس کے حامی علیحدگی پسندوں سے لڑ سکیں گے۔

کمیٹی کے چیرمین، ایریزونا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر جان مک کین نے کہا کہ یورپ میں ولادیمیر پیوٹن کا روس یوکرین میں اپنی من مانی کر رہا ہے۔

بقول اُن کے، ’لیکن، باوجود یہ کہ روسی فوجیں ہتھیاروں کے بل بوتے پر یوکرین کی حکومت اور آزادی کو نئی سامراجیت میں جکڑ رہی ہیں، امریکہ نے یوکرین کو اپنے دفاع کے لیے ضروری اسلحہ دینے سے انکار کیا ہوا ہے‘۔

سرد جنگ کے بعد والے دور میں روس اور مغرب کے درمیان تعلقات اپنی نچلی سطح پر ہیں، ایسے میں جب روس نے جزیرہ نما کرائیمیا کو ضم کیا جب کہ وہ مشرقی یوکرین میں روس کے حامی علیحدگی پسندوں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔

امریکہ اور یورپی یونین نے روس کے خلاف تعزیرات عائد کر رکھی ہیں۔ لیکن، ابھی تک یوکرینی افواج کو ضرر رساں اسلحہ فراہم نہیں کیا گیا۔

چین کے بارے میں سوال پر، ڈنفرڈ نے کہا کہ وہ چین کو امریکی قومی سلامتی کے لیے نمبر دو خطرہ سمجھتے ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ ’ضروری نہیں کہ چین ہمارا دشمن ہو۔ لیکن، یہ اُن کی ذمہ داری ہے کہ امریکی قومی سلامتی کو مد نظر کھتے ہوئے، چین کی فوجی صلاحیت کا تخمینہ لگائیں‘۔

سماعت سے قبل، ڈنفرڈ نے کمیٹی کی جانب سے قومی سلامتی سے متعلق سوالات کے تحریری جوابات دیے، جن کا تعلق فوجی حکمت عملی کے لحاظ سے دفاعی اصلاحات اور دنیا بھر میں امریکی فوجی تیاری سے ہے۔