امریکہ: سینیٹ کے منظور کردہ 19 کھرب ڈالر کے کرونا ریلیف بل میں کیا ہے؟

U.S. COVID-19 Relief Plan

U.S. COVID-19 Relief Plan

امریکی سینیٹ نے صدر جو بائیڈن کے تجویز کردہ 19 کھرب ڈالرز کے کرونا ریلیف بل کی منظوری دے دی ہے۔ یہ رقم کرونا وبا اور امریکیوں کو درپیش مشکلات سے نمٹنے کے لیے خرچ کی جائے گی۔ ری پبلکن پارٹی نے اس بل کی مخالفت کی ہے۔

ہفتے کو کئی گھنٹوں کی بحث کے بعد سو رُکنی سینیٹ نے 49 کے مقابلے میں 50 ووٹوں سے بل کی منظوری دی۔ ایوانِ نمائندگان پہلے ہی اس بل کی منظوری دے چکا ہے۔

البتہ، سینیٹ نے بل میں کئی تبدیلیاں تجویز کی ہیں۔ جس کے لیے یہ بل دوبارہ ایوانِ نمائندگان میں بھجوایا جائے گا جہاں آئندہ ہفتے اس پر ووٹنگ ہو گی۔

ووٹنگ کے بعد صدر بائیڈن اس بل پر دستخط کریں گے جس کے بعد یہ قانون بن جائے گا۔

کرونا ریلیف بل میں ہے کیا؟

حکمراں جماعت ڈیمو کریٹک پارٹی کا دعویٰ ہے کہ یہ بل کرونا وبا کو شکست دینے اور معیشت کی بحالی میں مددگار ثابت ہو گا۔

البتہ، حزبِ اختلاف کی جماعت ری پبلکن پارٹی کا مؤقف ہے کہ اس بل میں ضرورت سے زیادہ رقم مختص کی گئی ہے۔

اس امدادی پیکیج کی مد میں جہاں ویکسین اور طبی اشیا کے اخراجات کو پورا کیا جائے گا۔ وہیں اکثر شہریوں کو 1400 ڈالر فی کس کی ادائیگی بھی کی جائے گی۔

بعض سیاسی حلقے اس بل کی منظوری کو صدر بائیڈن کی اہم کامیابی قرار دے رہے ہیں۔

بعض سیاسی حلقے اس بل کی منظوری کو صدر بائیڈن کی اہم کامیابی قرار دے رہے ہیں۔

بل میں 14 ارب ڈالر کی رقم ویکسین کی تیز رفتار ترسیل اور اسے سرعت کے ساتھ لوگوں کو لگانے کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

بل میں 46 ارب ڈالر کی رقم وفاقی اور ریاستی سطح پر کرونا ٹیسٹنگ کے نظام کو مزید فعال بنانے اور 'کونٹیکٹ ٹریسنگ' پر خرچ کیے جائیں گے۔

اس بل میں کرونا وبا کے باعث بے روزگار ہونے والے امریکیوں کو چھ ستمبر تک ہفتہ وار وفاق کی طرف سے اضافی 300 ڈالرز دیے جائیں گے جب کہ مختلف کمپنیوں سے نکالے گئے افراد انہی کمپنیوں کے تحت ستمبر تک ہیلتھ انشورنس کے فوائد حاصل کر سکیں گے۔

بل میں تعلیمی اداروں کے ڈھانچے میں تبدیلی کے لیے 130 ارب ڈالرز مختص کیے گئے ہیں جس کے تحت کنڈر گارٹن سے لے کر 12 ویں گریڈ تک کلاس رومز میں سماجی فاصلوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے تبدیلیاں کی جائیں گی۔

اس رقم سے کلاس رومز میں وینٹی لیشن سسٹم اور کرونا وبا سے بچاؤ کے حفاظتی سامان کی فراہمی بھی یقینی بنائے جائے گی۔

Your browser doesn’t support HTML5

امریکہ میں نسلی اقلیتیں کرونا ویکسین لینے کے لیے تیار کیوں نہیں؟

چھوٹے کاروباری افراد کے لیے بل میں کیا ہے؟

بل میں ریستوران، بارز اور دیگر چھوٹے کاروباری افراد ،جو وبا سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں، ان کے لیے 25 ارب ڈالرز کی رقم مختص کی گئی ہے۔

'پے چیک پروٹیکشن پروگرام' کے تحت 7.25 ارب ڈالرز کی رقم رکھی گئی ہے جس کے تحت قرضہ لینے ولے چھوٹے کاروباری افراد اپنے ملازمین کو تنخواہیں دیں سکیں گے۔

بل میں کرایے پر رہائش پذیر بے روزگار امریکیوں اور یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا کرنے والوں کے لیے 30 ارب ڈالرز رکھے گئے ہیں۔ اس رقم سے بے گھر ہونے والے امریکیوں کی بھی مدد کی جائے گی۔