صدر جو بائیڈن نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ امریکہ آئندہ چھ ہفتوں کے دوران ویکسین کی دو کروڑ اضافی خوراکیں بیرون ملک ویکسین کی ضرورت پوری کرنے کے لئے عطیہ کرے گا۔یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب امریکہ میں اندرون ملک ویکسین کی طلب کم ہو رہی ہے اور دنیا بھر میں ویکسین کی تقسیم اور دستیابی کے درمیان فاصلہ بڑھ رہا ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق، ویکسین کی فراہمی میں مدد کے اس نئے وعدے کے بعد امریکہ نے مجموعی طور پر ویکسن کی آٹھ کروڑ خوراکیں فراہم کرنے کا وعدہ کر لیا ہے۔ اس سے قبل امریکی انتظامیہ نے جون کے آخر تک ایسٹرا زینیکا ویکیسن کی چھ کروڑ خوراکیں مہیا کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
صدر بائیڈن نے وائٹ ہاؤس سے کووڈ 19 رسپانس اور ویکسی نیشن پروگرام کے سلسلے میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کرونا ویکسین کی مہم کے لیے ایک اور قدم بڑھا رہا ہے، کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ جب تک یہ وبا دنیا بھر میں قابو نہیں آ جاتی تب تک امریکہ بھی محفوظ نہیں رہے گا۔
صدر نے اعلان کیا کہ آج سے امریکہ فائزر، موڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن کی ویکسین کی خوراکیں باقی دنیا کو امداد میں دے گا۔
اس سے پہلے رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے بتایا تھا کہ امریکہ اگلے چھ ہفتے کے دوران ویکسین کی دو کروڑ خوراکیں باقی دنیا کو امداد میں دے گا۔
جین ساکی نے بتایا تھا کہ یہ خوراکیں امریکہ میں زیر استعمال ویکسین کی ہیں، جن میں فائزر، موڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن شامل ہیں۔
Your browser doesn’t support HTML5
یاد رہے کہ یہ پہلی بار ہے کہ امریکہ کے پاس موجود ویکسین کے ذخائر ملک سے باہر بطور امداد دیئے جائیں گے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق حالیہ ہفتوں میں امریکہ میں ویکسین کی طلب میں کمی واقع ہوئی ہے۔
وائٹ ہاؤس سے خطاب کرتے ہوئے صدر جو بائیڈن نے بتایا کہ امریکہ نے مارچ کے مہینے میں کینیڈا کو ایسٹرازینیکا کی ویکسین کی 40 لاکھ خوراکیں دی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپریل میں دوسرے ممالک کو ایسٹرا زینکا ویکسین کی چھ کروڑ خوراکیں دینے کا وعدہ کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اس ویکسین کی جانچ امریکی وفاقی ادارہ فیڈرل ڈرگ ایسوسی ایشن کر رہا ہے، جیسے ہی وہ اسے محفوظ قرار دے گا، یہ خوراکیں بھیج دی جائیں گی۔
Your browser doesn’t support HTML5
رپورٹ کے مطابق اب تک امریکہ نے ایسٹرازینکا کی 45 لاکھ خوراکیں کینیڈا اور میکسیکو کو بطور امداد بھیجی ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق، امریکہ پر یہ دباؤ تھا کہ اس کے پاس اس کی ضرورت سے زیادہ ویکسین موجود ہے۔ اور اب صدر بائیڈن چاہتے ہیں کہ ملک کے کووڈ 19 کوآرڈینیٹر جیف زینٹس دنیا کو بطور امداد کرونا ویکسین کی خوراکیں دینے کے پروگرام کی سربراہی کریں۔
امریکی انتظامیہ نے اب تک یہ نہیں بتایا کہ یہ خوراکیں کس طرح بطور امداد فراہم کی جائیں گی۔
Your browser doesn’t support HTML5
اب تک 15 کروڑ 70 لاکھ امریکیوں کو ویکسین کی کم از کم ایک خوراک دی جا چکی ہے جب کہ 12 کروڑ 30 لاکھ کے قریب امریکی مکمل طور پر ویکسین حاصل کر چکے ہیں۔
صدر بائیڈن کو امید ہے کہ امریکہ کے یوم آزادی، یعنی 4 جولائی تک 16 کروڑ امریکی مکمل طور پر ویکسین حاصل کر چکے ہوں گے۔
دنیا بھر میں اب تک کرونا وائرس کی وبا سے 33 لاکھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ صرف امریکہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد انچ لاکھ 86 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔