امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے شہر الپاسو کے سپر اسٹور 'وال مارٹ' میں فائرنگ کے واقعے میں 20 افراد ہلاک ہوئے۔ عینی شاہدین کے بقول اُس وقت خوف کا عالم تھا اور فائرنگ کی آواز سن کر لوگ اپنی جانیں بچانے کے لیے محفوظ مقام تلاش کر رہے تھے۔
حملے میں 26 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ پولیس نے فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے جس کی شناخت 21 سالہ پیٹرک کروسٹس کے نام سے ہوئی ہے۔
فائرنگ کے وقت جائے واقعہ پر موجود افراد نے مختلف ذرائع ابلاغ کو واقعے کی تفصیلات بتائی ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق لوگ معمول کے مطابق 'وال مارٹ' سپر اسٹور میں خریداری کر رہے تھے کہ اچانک فائرنگ کی آوازیں آنا شروع ہوئیں جس کے بعد وہاں موجود لوگوں نے اِدھر اُدھر بھاگنا شروع کر دیا۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ وہ 'وال مارٹ' سپر اسٹور کے برابر میں واقع تجارتی مرکز میں تھے اور وہاں کے ایک ملازم نے اُنہیں بتایا کہ 'وال مارٹ' سے فائرنگ کی آوازیں آ رہی ہیں جس پر وہ اپنی گن اور لائسنس کے ساتھ اس مقام پر پہنچے تو وہاں خوفزدہ بچوں کی بڑی تعداد کو اِدھر اُدھر بھاگتے دیکھا۔
عینی شاہد کے بقول "میں جتنے بچوں کو اپنے ساتھ لے کر باہر نکل سکتا تھا، انہیں اپنے ساتھ لیا اور وہاں سے باہر نکالا۔"
عینی شاہد نے کہا کہ "ایک پولیس افسر سمجھا کہ میں حملہ آور ہوں۔ لیکن میں نے اُسے اپنا لائسنس دکھایا جس پر افسر نے کہا, ٹھیک ہے۔ جس کے بعد میں نے اپنے دوست کو فون کیا اور بتایا کہ میں 'وال مارٹ' میں ہوں۔"
عینی شاہد کا کہنا تھا کہ وہ فوج میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں اور جب انہوں نے فائرنگ کی آواز سنی تو پہلے خود محفوظ جگہ لی لیکن وہ اُن خوفزدہ بچوں کے لیے فکر مند تھے جو والدین سے بچھڑ کر اِدھر اُدھر بھاگ رہے تھے۔
بیس سال کے مینول رچرڈو فائرنگ کے وقت کیش کاؤنٹر پر ادائیگی کر رہے تھے جس کے بعد فوری طور پر خارجی دروازے پر پہنچے۔
مینول رچرڈو کے بقول انہوں نے ایک مسلح شخص کو دیکھا جو جدید ہتھیار اٹھائے ہوئے تھا اور انہوں نے وہاں سے نکلتے ہوئے زمین پر دو لاشوں کو بھی دیکھا جن کے گرد خون جمع تھا۔
عینی شاہد ایک خاتون نے بتایا کہ جس وقت وال مارٹ سپر اسٹور میں فائرنگ ہوئی وہ اپنی والدہ کے ہمراہ وہاں موجود تھیں۔
خاتون نے کہا کہ وہ فائرنگ کی آواز سن کر خوفزدہ ہو گئیں تو اُن کی والدہ نے کہا کہ فوری طور پر باہر بھاگو جس پر وہ اپنی والدہ کے ہمراہ سپر اسٹور سے باہر نکل آئیں۔
وال مارٹ سپر اسٹور میں فائرنگ کی مختلف ویڈیوز اور حملہ آور کی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔ ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سپر اسٹور میں فائرنگ کی آوازیں آ رہی ہیں اور سکیورٹی اہلکار موقع پر پہنچ چکے ہیں۔