پاکستان کرکٹ بورڈنے آئندہ ماہ سے شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کیلیے 30 رکنی ابتدائی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ وکٹ کیپر کامران اکمل کو ایک بار پھر ٹیم میں شامل کرلیا گیاہے تاہم سابق کپتان شعیب ملک اور لیگ اسپنر دانش کنیریا اسکواڈ میں اپنی جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے 50 اوورز کے کرکٹ ورلڈ کپ کی شریک ٹیموں کو اپنے اپنے 30 رکنی ابتدائی اسکواڈ کا اعلان کرنے کیلیے 19 دسمبر کی تاریخ دی گئی تھی۔ تاہم پی سی بی کی درخواست پر آئی سی سی نے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کرنے کیلیے بورڈ کو 5 جنوری تک کا وقت دے دیا تھا۔
پی سی بی کی جانب سے 30 رکنی اسکواڈ کا اعلان منگل کے روز قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے تین گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اجلاس کے بعد ایک اعلامیہ کے ذریعے کیا گیا۔
سابق کپتان اور سینئر بلے باز محمد یوسف اور آل رائونڈر رانا نوید الحسن بھی اسکواڈ میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ اسکواڈ میں کئی نئے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
30 رکنی اسکواڈ میں شاہد آفریدی، محمد حفیظ، احمد شہزاد، ناصر جمشید، اسد علی، عمر اکمل، یونس خان، محمد یوسف، مصباح الحق، اظہر علی، اسد شفیق، سہیل تنویر، شعیب اختر، عمر گل، تنویر احمد، وہاب ریاض، جنید خان، عبدالرحمن، عبدالرزاق، کامران اکمل، سلمان احمد، سرفراز احمد، توفیق عمر، ذوالفقار بابر، رانا نوید الحسن، یاسر عرفات، یاسر شاہ، اعزاز چیمہ اور نوید یسین شامل ہیں۔
بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کی مشترکہ میزبانی میں 19 فروری سے شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ 2011 میں کل 14 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔