یمن کے دارالحکومت صنعا پر قابض حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے شہر ابھا پر ڈرون حملہ کیا جسے سعودی فوجی اتحاد نے ناکام بنا دیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق جمعرات کو حوثی باغیوں کے ترجمان یحیٰ ساریا نے دعویٰ کیا کہ سعودی عرب کے ابھا ایئر پورٹ کے مانیٹرنگ ٹاور اور دیگر حساس مقامات کو ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا گیا تھا۔
حوثی باغیوں کے دعوے کے جواب میں جمعے کو سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کا بھی بیان سامنے آیا ہے۔ جس کے مطابق ابھا شہر پر حوثی باغیوں کے ڈرون حملوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حوثی باغیوں کا یمن کے دارالحکومت صنعأ پر قبضہ ہے اور باغی سعودی عرب پر ماضی میں بھی کئی حملے کر چکے ہیں۔ جس کے بعد سعودی عرب نے بھی صنعا میں باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
دوسری جانب حوثی باغیوں کے سربراہ عبد المالک حوثی کے بھائی کو صنعا میں قتل کر دیا گیا ہے۔
عبد المالک حوثی کے بھائی ابراہیم بدر الدین حوثی جمعے کو صنعأ میں واقع اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے ہیں جس کے بعد حوثی باغیوں نے شہر میں اپنے مسلح افراد کی تعداد مزید بڑھا دی ہے۔
حوثی باغیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اس قتل کے پیچھے امریکہ اور اسرائیل کے حمایت یافتہ کچھ غداروں کا ہاتھ ہے۔
یاد رہے کہ حوثی باغیوں اور سعودی عرب کے درمیان 2015 سے لڑائی جاری ہے جس میں حوثی باغیوں کو ایران کی حمایت حاصل ہے۔
اس جنگ میں اب تک ہزاروں افراد مارے جا چکے ہیں جب کہ اقوامِ متحدہ اسے بد ترین انسانی مسئلہ بھی قرار دے چکی ہے۔