معروف ویڈیو پلیٹ فارم یوٹیوب نے پاکستان میں اپنی پیڈ 'یوٹیوب پریمیئم' سروس اور 'یوٹیوب میوزک' پلیٹ فارم متعارف کرا دیا ہے۔
یوٹیوب کی جانب سے بدھ کو جاری ایک بیان میں ان دونوں سروس کا پاکستان میں باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا گیا۔ تاہم یوٹیوب کی اس سروس سے فائدہ اٹھانے کے لیے پاکستانی صارفین کو رقم ادا کرنا ہوگی۔
پاکستان کے لیے گوگل کے ڈائریکٹر فرحان ایس قریشی کہتے ہیں کہ یوٹیوب پریمیئم اور یوٹیوب میوزک سے پاکستانی صارفین کو ایک نیا تجربہ حاصل ہوگا۔
ان کے بقول پاکستان میں 400 سے زیادہ چینلز کے 10 لاکھ سے زیادہ سبسکرائبر موجود ہیں۔
یو ٹیوب پریمیئم کیا ہے؟
یوٹیوب پریمیئم کے ذریعے صارفین بغیر اشتہارات کے ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی یوٹیوب پریمیئم کے ذریعے بیک گراؤنڈ پلے کا آپشن بھی ملتا ہے یعنی آپ ملٹی ٹاسکنگ کے دوران بھی یوٹیوب ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں یا موبائل اسکرین لاک ہونے کی صورت میں بھی اس کا استعمال کرسکتے ہیں۔
SEE ALSO: انٹرنیٹ پابندیوں میں پاکستان کا تیسرا نمبر: 'ہمیں کہا جاتا ہے یہ بھارت میں بھی ہوتا ہے'اس کے علاوہ یوٹیوب پریمیئم میں صارفین اپنے پسندیدہ شوز اور کانٹینٹ کری ایٹرز کے مواد کو بھی ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔
یوٹیوب پریمیئم کے صارف یوٹیوب میوزک پریمیئم سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور اپنے پسندیدہ میوزک کو بغیر اشتہارات کے سن سکتے ہیں، بیک گراؤنڈ میں پلے کر سکتے ہیں اور یوٹیوب میوزک سے اسے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔
یو ٹیوب میوزک کیا ہے؟
یوٹیوب میوزک ایسا پلیٹ فارم ہے جو خاص طور پر صرف میوزک کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس پر آفیشل سانگز، ایلبمز، پلے لسٹس اور آرٹسٹ ریڈیو، لائیو پرفارمنسز وغیرہ دستیاب ہیں۔
صارفین اس یوٹیوب میوزک پر نئے گانوں کو تلاش کرکے انہیں سن سکتے ہیں اور میوزک کی دنیا سے جڑے رہ سکتے ہیں۔
SEE ALSO: 'گوگل' نے پاکستان میں دفتر کھولنے کے لیے رجسٹریشن کرا لییوٹیوب میوزک اگرچہ بغیر کسی قیمت کے دستیاب ہے لیکن اس کے لیے صارفین کو اشتہارات دیکھنے پڑتے ہیں۔
اگر آپ بغیر اشتہارات کے یوٹیوب میوزک سننا چاہتے ہیں تو آپ کو یوٹیوب میوزک پریمیئم کی سروس لینا ہوگی۔
یوٹیوب پریمیئم کے لیے کتنی ادائیگی کرنا ہوگی؟
یوٹیوب کی جانب سے ابتدائی طور پر ایک ماہ کے لیے یوٹیوب پریمیئم اور یوٹیوب میوزک پریمیئم کی سروس مفت دستیاب ہوگی جس کے بعد یوٹیوب پریمیئم کے لیے صارفین کو 479 روپے ماہانہ ادا کرنے ہوں گے۔
اس سبسکرپشن میں یوٹیوب میوزک پریمیئم کی ممبرشپ بھی شامل ہوگی۔ یعنی صارفین ویڈیوز اور آڈیوز کا تجربہ بغیر اشتہارات کرسکیں گے جب کہ بیک گراؤںڈ پلے اور ڈاؤن لوڈز سے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔
یوٹیوب پریمیئم کا فیملی پلان حاصل کرنے کے لیے 899 روپے کی ادائیگی کرنا ہوگی۔ یہ ممبرشپ گھر کے پانچ لوگوں کے ساتھ شیئر کی جاسکے گی۔
یوٹیوب میوزک پریمیئم کے لیے 299 روپے کی ادائیگی کرنا ہوگی جب کہ اسی کا فیملی پلان 479 روپے میں دستیاب ہے۔
یوٹیوب نے طلبہ کے لیے پریمیئم اور میوزک کا ایک الگ پیکج متعارف کرایا ہے جس میں اہل طلبہ کو یوٹیوب پریمیئم کے لیے 329 روپے جب کہ میوزک پریمیئم کے لیے 149 روپے ادا کرنے ہوں گے۔