اسلام آباد میں سیکیورٹی ڈائیلاگ میں شریک امریکہ کے سابق نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے پاکستان فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں افغانستان کی صورت حال اورمختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی ۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں انسانی بحران کےخطرے سے نمٹنے کے لیے مخلصانہ عالمی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
آرمی چیف نے اسلام آباد سیکیورٹی ڈائیلاگ میں شرکت پر زلمے خلیل زاد کا شکریہ ادا کیا۔
فوج کے ترجمان کے مطابق سابق نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار اور کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔انہوں نے اسلام آباد سیکیورٹی ڈائیلاگ میں شرکت کا موقع ملنے پر شکریہ ادا کیا۔
زلمے خلیل زاد سابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ہیں ۔ وہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جوبائیڈن دونوں انتظامیہ کے تحت 3 سال سے زائد عرصہ اس عہدے پر فائز رہے۔
صدرٹرمپ کے عہدہ صدارت کے دوران شروع ہونے والے امن مذاکرات میں طالبان پر کافی دباؤ نہ ڈالنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
زلمے خلیل زاد نے فروری 2020 میں امریکہ اور طالبان کے درمیان ہونے والے دوحہ امن معاہدے میں اہم کردار ادا کیا تھا جس کے بعد افغانستان میں 20 برس سے جاری جنگ کا خاتمہ ہوا تھا۔
گزشتہ سال زلمے خلیل زاد نے اپنے استعفیٰ میں کہا تھا کہ انہوں نے جو معاہدہ کیا تھا، اس نے افغان حکومت کے ساتھ سنجیدہ امن مذاکرات میں داخل ہونے والے طالبان کے لیے امریکی افواج کے حتمی انخلا کو مشروط کر دیا تھا۔