|
زمبابوے نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 344 رنز بنا کر ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
بدھ کو نیروبی میں افریقی ملک گیمبیا کے خلاف ورلڈ کپ کوالی فائر کے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ زمبابوے نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنا ڈالے۔
زمبابوے کی جانب سے پاکستانی نژاد کپتان سکندر رضا نے صرف 43 گیندوں پر 133 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 15 چھکے شامل تھے۔ مجموعی طور پر زمبابوے کے بلے بازوں نے 27 چھکے لگائے۔
زمبابوے کی جانب سے برائن بینیٹ نے 26 گیندوں میں 50 جب کہ کلائیو مندانے نے 17 گیندوں پر 53 رنز بنائے۔
اس سے پہلے ایک ٹی ٹوئنٹی اننگز میں سب سے بڑے ٹوٹل کا ریکارڈ 314 رنز نیپال کے پاس تھا جو اس نے منگولیا کے خلاف بنایا تھا۔
اننگز کی خاص بات سکندر رضا کی بلے بازی تھی۔ وہ پاوور پلے کے بعد ساتویں اوور میں بیٹنگ کے لیے آئے اور جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے وکٹ کے چاروں جانب اسٹروکس کھیلے۔
اُنہوں نے 33 گیندوں پر اپنی سینچری مکمل کی۔ گیمبیا کی ٹیم زمبابوے کے تجربہ کار بلے باز کے سامنے بالکل بے بس نظر آئی۔
جواب میں گیمبیا کی پوری ٹیم 14.4 اوورز میں 54 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اسے 290 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔