امریکی فوج کے چیف آف سٹاف جنرل مارٹن ڈیمپسی نے پاکستانی رہنماؤں اور امریکی سفارتخانے کے حکام سے ملاقات اور صلاح و مشورے کے لیے جمعہ کو پاکستان کا دورہ کیا۔
اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق امریکی جنرل نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ملاقات کی۔ مزید برآں جنرل ڈیمپسی نے امریکی سفیر کمیرون منٹر اور سفارتخانے میں تعینات سول و فوجی حکام سے بھی ملاقاتیں کیں۔
گیارہ اپریل کو آرمی چیف کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد جنرل مارٹن ڈیمپسی کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔
رواں ہفتے یہ تیسرے اہم امریکی رہنما ہیں جنہوں نے پاکستان کا دورہ کیا ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر جان بینر، چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف ایڈمرل مائیک ملن بھی پاکستان کی سیاسی و فوجی قیادت سے ملاقاتیں کرچکے ہیں۔ جب کہ پاکستان کے ایک وفد نے واشنگٹن میں اوباما انتظامیہ میں شامل حکام سے دو طرفہ امور اور خطے کی صورتحال پر بات چیت کی ہے۔