رسائی کے لنکس

اولمپک کھیل: مجموعی طور پرامریکہ نےچین سے زیادہ تمغے حاصل کرلیے



امریکی پیراک، ٹیلر کلاری
امریکی پیراک، ٹیلر کلاری

لیکن، چین چاندی کے زیادہ تمغے حاصل کرنے کے باعث مجموعی طور پر اولمپک مقابلوں میں اب بھی سرِ فہرست ہے

لندن اولمپکس کے چھٹے روز 17طلائی تمغوں کے لیے ہونے والے مختلف کھیلوں میں چینی اور امریکی ایتھلیٹس کے درمیان سخت مقابلہ رہا۔چھٹے روز کے کھیلوں کے اختتام پر امریکہ نے چین سے مجموعی طور پر زیادہ تمغے حاصل کرلیے ہیں۔

امریکہ نے 18طلائی تمغوں سمیت لندن اولمپکس میں اب تک 37 ، جب کہ چین نے 18طلائی تمغوں سمیت 34تمغے حاصل کیے ہیں۔

لیکن، چین چاندی کے زیادہ تمغے حاصل کرنے کے باعث مجموعی طور پر اولمپک مقابلوں میں اب بھی سرِ فہرست ہے۔ چھٹے روز، برطانوی ایتھلیٹس نے سائکلنگ، کشتی رانی اور نشانہ بازی میں تین طلائی تمغے جیت کر برطانیہ کو میڈل ٹیبل پر پانچویں نمبر پر پہنچا دیا۔

برطانیہ کی سائکلنگ ٹیم نے عالمی ریکارڈ بھی بنایا۔ ٹیم کے سربراہ فلپ ہینڈس جو کہ ایک نوجوان ایتھلیٹ ہیں، اولمپک مقابلوں میں پہلی بار حصہ لے رہے تھے، وہ اپنی جیت پر بے انتہا خوش تھے۔ اُن کے بقول، مجھے یقین ہی نہیں آ رہا کہ میں اولمپک چمپیئن بن گیا ہوں۔

لندن اولمپکس کے چھٹے روز ہونے والے مقابلوں میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے کشتی رانی کے ڈبل اسکلز جب کہ جنوبی افریقہ نے لائٹ ویٹ کے مقابلوں میں طلائی تمغے حاصل کیے۔

امریکی ٹیم نے ایک طلائی تمغہ خواتین کشتی رانی، جب کہ دوسرا طلائی تمغہ خواتین کے جوڈو کراٹے مقابلوں میں حاصل کیا۔

جوڈو کراٹے میں روس کے ٹوگیو خولباؤف نے طلائی تمغہ حاصل کیا اور مبارک باد دینے والوں میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن کو دیکھ کر وہ خوشی سے اچھلنے لگے۔ روسی صدر خود بھی جوڈو کراٹے میں بلیک بیلٹ ہیں۔ وہ اولمپک مقابلوں میں روسی ایتھلیٹس کے مقابلے دیکھنے کے لیے برطانیہ آئے تھے۔اُنھوں نے جمعرات کے روز برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون سے ملاقات کی۔

دریں اثنا، پاکستان ہاکی ٹیم اپنا تیسرا گروپ میچ جمعے کے روز برطانیہ کے خلاف کھیلے گی۔

اِس سے قبل، ہونے والے پہلے دو میچوں میں پاکستان اور اسپین کے درمیان مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا، جب کہ دوسرے گروپ میچ میں پاکستان نے ارجنٹینا کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔

’وائس آف امریکہ ‘سے بات چیت کرتے ہوئے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سکریٹری آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو جمعے کو ہونے والے میچ میں سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
XS
SM
MD
LG