رسائی کے لنکس

امریکہ میں گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں اضافہ


صدر براک اوباما(فائل)
صدر براک اوباما(فائل)
امریکہ کے صدر براک اوباما نے کہاہے کہ ملک میں موٹر گاڑیوں کی فروخت میں چار سال پہلے کے مقابلے میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے ہفتےکے روز کو اپنی ہفتہ وار ریڈیو تقریر میں کہا کہ گاڑیوں کی فروخت میں یہ اضافہ اس لیے ہوا ہے کیونکہ ان کی انتظامیہ نے ڈیٹرائٹ کو دیوالیہ ہونے سے بچالیاتھا۔

صدر نے کہا کہ ان کی انتظامیہ نے امریکی کارکنوں اور ان کی مہارت اور ہنری مندی کے تحفظ کا عزم کیا تھا اور اب اس عزم کے ثمرات سامنے آرہے ہیں۔

صدر اوباما نے کہا کہ جب انہوں نے موٹرگاڑیوں کی صنعت کو تباہی سے بچانے کا فیصلہ کیاتھا، تواس وقت ملک بھر میں دس لاکھ سے زیادہ ملازمتیں خطرے میں تھیں۔

انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ ڈیٹرائٹ میں اب ماضی کے مقابلے میں زیادہ بہتر کاریں اور ٹرک تیار کیے جارہے ہیں جن میں کم ایندھن استعمال ہوتا ہے۔ ان کا کہناتھا کہ یہ بچت آپ کی جیب کے لیے، ملک کی معیشت کے لیے اور ماحول کے لیے فائدہ مند ہے۔

ری پبلیکن پارٹی کے امیدوار مولن جو ریاست اوکلاہاما سے کانگریس کے انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں، چھوٹے کاروباروں کی مدد کے منصوبے پر صدارتی امیدوار مٹ رامنی کو سراہا۔

انہوں نے کہاکہ مسٹر رامنی نے چھوٹے کاروباروں کی مدد کو روزگار کے اپنے پروگرام کا اہم حصہ بنایا ہے۔ مولن نے، جو پلمبنگ کے کاروبار کے مالک ہیں، کہا کہ مسٹر اوباما کی پالیسیاں چھوٹے کاروباروں کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔

مسٹر رامنی ہفتے کے روز ریاست اوہائیو میں اپنی انتخابی مہم جاری رکھیں گے ۔ یہ ریاست صدارتی انتخاب کے فیصلے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

ہفتے کے روز صدر اوباما اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں ریاست ورجینیا کا دورہ کریں گے۔
XS
SM
MD
LG