رسائی کے لنکس

سام سنگ اسمارٹ فون گلیکسی ایس 5 کی نقاب کشائی


سام سنگ نے اسمارٹ فون کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ،گلیکسی ایس 5 میں سپر فاسٹ وائی فائی ، 16 میگا پکسلز کیمرا ، پاور فل فنگر اسکینر فٹنس ایپ کے ساتھ، ہارٹ مانیٹر بھی نصب ہے ۔

بارسلونا میں جاری موبائل ورلڈ کانگریس کے 'وائر لیس شو' میں سام سنگ نے جدید اینڈرائڈ اسمارٹ فون ' گلیکسی ایس 5 ' کی نقاب کشائی کی ہے ۔ کمپنی ایک روز قبل 'گیئر2 '،' گیئر 2 نیو' اور گیئر فٹ اسمارٹ گھڑیاں بھی متعارف کروا چکی ہے ۔ سام سنگ کی ان سبھی مصنوعات میں فٹنس مانیٹر نصب ہے جس سے دل کی دھرکن کی رفتار معلوم کی جا سکتی ہے۔
عالمی سطح پر ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں سر فہرست کمپنییوں میں شمار کی جانے والی کمپنی سام سنگ کے سربراہ جے کے شن نے اسمارٹ فون رینج کے نئے ورژن 'گلیکسی ایس 5 ' متعارف کرواتے ہوئے کہا کہ ، انھوں نے صارفین سے سوال کیا تھا کہ ، اسمارٹ فون میں انھیں کونسی خصوصیات زیادہ پسند ہیں جن کے جوابات کے مطابق سادگی، بہترین ڈیزائن ، طویل بیڑی لائف اور اچھے کیمرے کے ساتھ فٹنس فیچرز کی بھی فرمائش کی گئی تھی ۔
روزنامہ ٹائمز کے مطابق کمپنی کے موجودہ گلیکسی ایس 4 فون کو صارفین میں بہت پزیرائی حاصل ہوئی ہے اور اسے حقیقی مانوں میں اپیل کے آئی فون کا حریف خیال کیا جاتا ہے۔

پیر کے شام صنعتی میلے میں جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے اسمارٹ فون کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ،گلیکسی ایس 5 میں سپر فاسٹ وائی فائی ، 16 میگا پکسلز کیمرا ، پاور فل فنگر اسکینر فٹنس ایپ کے ساتھ ہارٹ مانیٹر بھی نصب ہے ۔
گلیکسی ایس 5 اپنی نوعیت کا پہلا فون ہے جس کا اپنا ہیلتھ فنکشن ہے ۔ فون کی پشت پر کیمرا اسکینر کے ساتھ ہارٹ مانیٹر موجود ہے جس پرانگلی رکھنے سے فون آپ کے نبض کی رفتار بتا سکتا ہے جبکہ اسے سام سنگ کی اسمارٹ گھڑیوں کے ساتھ بھی جوڑا جاسکتا ہے۔ ان تمام مصنوعات میں سینسر اور پیڈو میٹر نصب ہیں جو ورزش ،ذہنی تناؤ کی سطح معلوم کر سکتے ہیں ۔
کمپنی نے بتایا کہ صحت سے متعلق حاصل ہونے والی معلومات کے نتیجے میں 3.0 ہیلتھ سافٹ وئیر ایک گراف تخلیق کرے گا جس کے تحت صارف اپنی جسمانی سرگرمیوں کا جائزہ لے سکتا ہے بعد میں صحت سے متعلق 'لائف اسٹائل کوچ ' کے ایپ کی مدد سے صارف اپنے لیے مناسب جسمانی سرگرمیوں کا انتخاب کر سکیں گے۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ چونکہ آج کل بڑے سائز کے اسمارٹ فونز کا رواج عام ہے اسی لیے گلیکسی ایس 5 فون 5.1 انچ کی OLED اسکرین کا حامل ہے جو سام سنگ ایس 4 کی پانچ انچ کی اسکرین سے تھوڑی ہی بڑی ہے جبکہ اسکرین ریزولیوشن بدستور 1080p ہے اس کے علاوہ اسکرین کی مخصوص خصوصیات میں ماحول کے مطابق روشنی کی سطح کو ایڈجسٹ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔


اسمارٹ فون گلیکسی ایس 5 میں ایک مربوط فنگر پرنٹ اسکینر ہوم بٹن کے اوپر کی اسکرین پرظاہر ہوتا ہے جس کے لیے انگلی سے سوائپ کرنا پڑتا ہے یہ اپیل کے ٹچ آئی ڈی کے اسکینر سے مختلف ہے۔ فنگر پرنٹ اسکینر کو فون ان لاک کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے ۔

گلیکسی کا نیا اسمارٹ فون 2800mah بیٹری کے ساتھ اسٹینڈ بائی پر 390 گھنٹے فراہم کرتا ہے جبکہ دیگر خصوصیات میں انٹرنیٹ موبائل کنکشن کے ساتھ 10 گھنٹے ویب سرفنگ اور 12 گھنٹے ویڈیو پلے بیک کا وعدہ کیا گیا ہے اس کے علاوہ کمپنی کا کہنا ہے کہ ، 10 فیصد بیٹری چارج کے ساتھ 24 گھنٹے تک فون کواستعمال کیا جا سکتا ہے ۔
گذشتہ سال کے ماڈل کے مقابلے میں کیمرا 13میگا پکسلز سے16 میگا پکسلز کر دیا گیا ہے ساتھ ہی آٹو اسپیڈ بھی بڑھا دی گئی ہے جبکہ ،اسمارٹ فون 4K ویڈیو شوٹنگ کی صلاحیت رکھتا ہے۔
میموری اور اسٹوریج کے حوالے سے اگرچہ تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں لیکن ٹیک ماہرین کا اندازا ہے کہ فون کی میموری 3 گیگا بائیٹ ریم اور 16 گیگا بائیٹ اور32 گیگا بائیٹ پر مشتمل ہو سکتی ہے جبکہ اس فون میں اینڈرائیڈ کا جدید ترین ورژن کٹ کیٹ 4.4 انسٹال ہے ۔
بتایا گیا ہے کہ گلیکسی ایس 5 پانی اور دھول کے اثرات سے محفوظ رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اسمارٹ فون کا کیس پولی کابونیٹ سے بنا ہوا ہے جو گلیکسی نوٹ 3 سے ملتا جلتا ہے ۔رنگوں کے انتخاب میں گلیکسی ایس 5 چار خوبصورت رنگوں سیاہ، سفید ، نیلا اور سنہرا میں۔ دستیاب ہو گا ۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ، گلیکسی ایس 5 اسپورٹ ففتھ جنریشن وائی فائی کو LTE موبائل کنکشن کے ساتھ جوڑنے سے مجموعی طور پر ڈاون لوڈ اسپیڈ کو بڑھایا جا سکتا ہے ۔
خیال ظاہر کیا گیا ہے کہ گلیکسی ایس 5 ہینڈ سیٹ کے سافٹ وئیر اور آئیکونز بظاہر اپیل کے آئی او ایس کے ڈیزائن سے مشابہ ہے۔
سام سنگ نے گلیکسی ایس 5 کی قیمت کا اعلان نہیں کیا ہے تاہم بتایا گیا ہے کہ یہ 11 اپریل سے دنیا کے 150 ملکوں میں فروخت کے لیے دستیاب ہوگا۔
XS
SM
MD
LG