رسائی کے لنکس

میکسیکو: منشیات فروش گروہ کا سرغنہ جیل سے فرار


ایل چیپو کی 2014ء میں گرفتاری کے وقت کی تصویر
ایل چیپو کی 2014ء میں گرفتاری کے وقت کی تصویر

ایل چیپو کے نام سے معروف جیکوئن گوزمین میکسیکو کے سب سے بڑے منشیات فروش گروہ 'سینالوا' کا سربراہ ہے اور مسلسل دوسری بار جیل سے فرار ہوا ہے۔

میکسیکو کے ایک بڑے منشیات فروش گروہ کا بدنامِ زمانہ سرغنہ انتہائی سخت سکیورٹی کے باوجود جیل سے فرار ہوگیا ہے۔

ایل چیپو کے نام سے معروف جیکوئن گوزمین میکسیکو کے سب سے بڑے منشیات فروش گروہ 'سینالوا' کا سربراہ ہے اور مسلسل دوسری بار جیل سے فرار ہوا ہے۔

ایل چیپو کو پہلی بار 1999ء میں گرفتار کیا گیا تھا لیکن وہ 2001ء میں جیل کے محافظوں کی مدد سے فرار ہونے میں کامیاب رہا تھا۔

مسلسل 13 سال کی سر توڑ کوششوں کے بعد میکسیکو کے حکام ایل چیپو کو گزشتہ برس فروری میں ایک بار پھر حراست میں لینے میں کامیاب ہوئے تھے۔

میکسیکو کے سکیورٹی کمیشن کے مطابق گوزمین کو دارالحکومت میکسیکو سٹی کے نزدیک واقع انتہائی سخت سکیورٹی والی 'الٹی پلانو' جیل میں رکھا گیا تھا جہاں سے وہ اتوار کو فرار ہوگیا ہے۔

سکیورٹی کمیشن کے سربراہ مونٹی ایلی جینڈرو نے اتوارکو ایک پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ ایل چیپو کو آخری بار ہفتے کو جیل کے غسل خانے میں دیکھا گیا تھا۔ جیل حکام کو ایل چیپو کے فرار کا علم اس وقت ہوا جب جیل کے محافظ معمول کے گشت کے دوران اس کی کوٹھری کا جائزہ لینے پہنچے۔

انہوں نے بتایا کہ محافظوں نے گوزمین کی کوٹھری کے نیچے 10 میٹر گہرا گڑھا دریافت کیا ہے جو ایک سرنگ سے منسلک ہے۔

سکیورٹی کمیشن کے سربراہ نے بتایا کہ گوزمین کے فرار کے لیے بنائی جانے والی سرنگ ڈیڑھ کلومیٹر طویل ہے جس میں ہوا کی آمد و رفت کا انتظام بھی رکھا گیا ہے۔ سرنگ جیل کی چار دیواری کے باہر ایک احاطے میں نکلتی ہے جہاں تعمیراتی کام جاری تھا۔

پولیس نے گوزمین کے فرار کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور جیل کے عملے کے 18 اہلکاروں سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

پولیس نے جیل کے نزدیکی علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جب کہ ایک نزدیکی ہوائی اڈے کو بھی پروازوں کی آمد و رفت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

گوزمین کا گروہ میکسیکو اور امریکہ کے سرحدی علاقے میں سرگرم ہے اور میکسیکو سے منشیات کی بھاری مقدار امریکہ اسمگل کرنے میں ملوث ہے جس کے باعث وہ امریکی حکام کو بھی انتہائی مطلوب رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG