پاکستانی نژاد برطانوی اداکار اور ریپر رض احمد نے’ 69 ویں ایمی ایوارڈز‘ کی ستاروں بھری شام میں صرف ایوارڈ ہی نہیں جیتا بلکہ نئی تاریخ بھی رقم کرلی۔
برطانوی اخبار ’دی ٹیلیگراف‘ کے مطابق، رض احمد بہترین اداکاری کا ایمی ایوارڈ جیتنے والے پہلے ایشیائی مرد مسلمان ہیں۔
برطانیہ میں پیدا ہونے والے رض احمد جن کا پورا نام رضوان احمد ہے، ان کے والدین کا تعلق پاکستان سے ہے۔
رض خان کو ٹی وی فلم ’دی نائٹ آف‘ میں عمدہ اداکاری پر بہترین اداکار کے ایمی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
ایوارڈ جیتنے کی دوڑ میں رض احمد کا مقابلہ بینیکیٹ کمبربیچ، رابرٹ ڈی نیرو اور ایوان میک گریگر جیسے مایہ ناز اداکاروں سے تھا۔
’ایچ بی او‘ کی پروڈکشن ’دی نائٹ آف‘ میں رض احمد نے ایک کالج کے طالب علم ناصر ناز خان کا کردار ادا کیا ہے جس پرنیویارک کے علاقے اپرمین ہٹن میں ایک لڑکی کو قتل کرنے کا الزام ہے۔
رض احمد سے پہلے آرچی پنجابی وہ واحد ایشیائی تھیں جنہیں دو ہزار دس میں ڈرامہ سیریزـ’ دی گڈ وائف ‘میں کلنڈا شرما کے کردار پر بہترین معاون اداکارہ کا ایمی ایوارڈ دیا گیا تھا۔
رض احمد نے ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد تقریرمیں اپنی کاسٹ اور کرئیو کا شکریہ ادا کیا۔ رض احمد کا کہنا تھا کہ تبدیلی کا عمل سست رفتار ہوتا ہے۔ لیکن، تبدیلی کے عمل کا حصہ بننا چاہئے۔
جو دیگر شوز ایمی ایوارڈز کے حقدار قرار پائے ان میں ’دی کراؤن‘، ’دی ہینڈ میڈ ٹیلز‘، ’اسٹرینجر تھنگز‘، ’دس از اس‘ اور ’ویسٹ ورلڈ‘ شامل ہیں۔
بالی وڈ کی اداکارہ پریانکا چوپڑہ نے بھی ایمی ایوارڈز میں شرکت کی اور اپنے منفرد لباس کی وجہ سے نہ صرف تقریب میں لوگوں کی توجہ کا مرکز بنیں، بلکہ سوشل میڈیا پر بھی ان کے لباس پر طرح طرح کے تبصرے بھی کئے۔
پریانکا کوئی ایوارڈ تو نہ جیت سکیں، لیکن تقریب کے میزبان کے ساتھ ایوارڈ تقسیم ضرور کئے۔