پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا جب کہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے وزیراعظم راجا فاروق حیدر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر وزیراعظم اور آرمی چیف کو چری کوٹ سیکٹر پر لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ایل او سی پر بھارت کی جانب سے سیز فائر کی مبینہ خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے عام شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے غیر پیشہ وارانہ طرز عمل کی مذمت کی اور لائن آف کنٹرول کے سرحدی دیہات میں رہنے والوں کے عزم و استقلال کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ہلاک ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور بھارتی فائرنگ سے متاثرہ خاندانوں کی مالی امداد میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں ٹانگ سے محروم لڑکی کو راول پنڈی میں بحالی کے فوجی ادارے میں بجھوانے کی ہدایت بھی کی جہاں اسے لڑکی کو مصنوعی ٹانگ لگائی جائے گی۔
وزیراعظم نے سویلین آبادی کو بھارتی فائرنگ سے محفوظ رکھنے کے لیے بنکرز تعمیر کرنے کے فنڈز کی منظوری بھی دی۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے لائن آف کنٹرول پر تعینات فوجی جوانوں سے بھی ملاقات کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی کوئی آرمی پاک فوج کے برابر نہیں جب کہ مادر وطن کے دفاع اور کشمیر کے شہریوں کے تحفظ کے لیے پاک فوج کی قربانیوں کو سراہتے ہیں۔