رسائی کے لنکس

سینیٹ کے قائد حزب اختلاف کا انتخاب، ایم کیو ایم تحریک انصاف کا ساتھ دے گی


پاکستان کی سینیٹ کے اجلاس کا ایک منظر ۔ فائل فوٹو
پاکستان کی سینیٹ کے اجلاس کا ایک منظر ۔ فائل فوٹو

محمد ثاقب

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لئے متحدہ قومی موومنٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بات کا اعلان کراچی میں دونوں جماعتوں کے راہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے امیدوار اعظم خان سواتی کی سربراہی میں وفد ایم کیو ایم کے کراچی کے علاقے بہادرآباد میں قائم عارضی مرکز پہنچا۔ دونوں جماعتوں کے راہنماؤں کے درمیان مذاكرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے راہنما فیصل سبزواری نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا۔

فیصل سبزواری نے مزید کہا کہ ایم کیوایم نہیں چاہتی تھی کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کو ووٹ دے۔ ان کے مطابق ہمارے لئے یہ اس لئے مشکل ہے کہ پی پی پی نے گزشتہ دس برس میں صوبے اور بالخصوص شہری سندھ کو تباہ کردیا ہے۔ ایم کیوایم نے پی پی پی امیدوار شیری رحمان کی حمایت اور انہیں ووٹ دینے سے معذرت کرلی ہے۔

فیصل سبزواری کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ سندھ میں پی پی پی کی نااہل اور بدعنوان حکومت کی وجہ سے کراچی سے کشمور تک عوام متاثر ہوئے ہیں آنے والے انتخاب میں اس کا فیصلہ ہونا چاہیئے اور عوام ایک اہل اور ایسی حکومت لانے کی جدوجہد کریں جو بدعنوان نہ ہوں، ہماری توقع ہے کہ سندھ بھر میں وہ تمام جماعتیں جو اس لوٹ کھسوٹ کے راج کو ختم کرنا چاہتی ہے وہ ساتھ بیٹھیں گی۔

پی ٹی آئی کے راہنما عمران اسماعیل نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کی جماعت نے مشترکہ اپوزیشن کے لئے سینیٹ میں ایم کیوایم سے مدد مانگی تھی اور بلوچستان کا سینیٹر لانے کے لئے کہا کیونکہ چھوٹے صوبے نظر انداز کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوائنٹ اپوزیشن کا سینیٹ میں کردار قابل تحسین ہے تمام جماعتیں نے مل کر جدوجہد کی ایسے صوبے کے امیدوار کو کامیاب کرایا جو محرومیوں کا شکار ہے۔

عمران اسماعیل نے دعویٰ کیا کہ ان کی جماعت نے دیگر جماعتوں سے بھی بات کی ہے اور اپوزیشن لیڈر لانے کے لئے ان کی جماعت کے پاس تعداد پوری ہے۔ ہم اس میں پیپلز پارٹی کو ٹف فائٹ دینے کے لئے تیار ہیں۔

اس سے قبل دونوں جماعتوں نے چیئرمین سینیٹ کے لئے مشترکہ امیدوار صادق سنجرانی کو ووٹ دیا تھا۔ تاہم ڈپٹی اپوزیشن لیڈر کے لئے ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی امیدوار سلیم مانڈوی والا کو ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا تھا۔ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لئے پیپلز پارٹی کی جانب سے شیری رحمان کا نام سامنے آیا ہے جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے اب تک باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا تاہم پارٹی ذرائع کے مطابق اعظم خان سواتی تحریک انصاف کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے امیدوار ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG