رسائی کے لنکس

ٹیسٹ رینکنگ: محمد عباس کی صرف 10 میچوں میں تیسری پوزیشن


پاکستانی بالر محمد عباس
پاکستانی بالر محمد عباس

پاکستان کے رائٹ آرم میڈیم فاسٹ بولر محمد عباس نے جہاں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے میں اہم کردار ادا کیا وہیں اُنہیں اس کارکردگی کا صلہ آئی سی سی رینکنگ میں تیسری پوزیشن کی صورت میں بھی ملا ہے۔ محمد عباس نے حالیہ ٹیسٹ سیریز کا آغاز 21 ویں پوزیشن سے کیا تھا۔

محمد عباس صرف 10 ٹیسٹ میچز کھیل کر آئی سی رینکنگ میں 800 ریٹنگ پوائنٹس لے کر یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے دسویں کھلاڑی بن گئے ہیں، آخری مرتبہ ہم وطن یاسر شاہ نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

800 ریٹنگ پوائنٹس تک پہنچنے والے دیگر پاکستانی کھلاڑیوں میں فضل محمود(16 ٹیسٹ میچز)، عمران خان اوروسیم اکرم (دونوں37 میچز)، وقار یونس (12 میچز)، مشتاق احمد(25 میچز)،شعیب اختر(29 میچز)،محمد آصف اور سعید اجمل دونوں نے19، 19 میچز کھیل کر یہ کارنامہ سرانجام دیا۔

پاکستان نے ابوظہبی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو 373 رنز سے شکست دی جو رنز کے اعتبار سے پاکستان کی سب سے بڑی جیت ہے، اس سے پہلے اسی گراؤنڈ پر پاکستان نے آسٹریلیا ہی کو 356 رنز سے ہرایاتھا۔

مجموعی373 رنز سے شکست آسٹریلیا کی چوتھی بڑی ہارہے، آسٹریلیا کو دوبڑی شکست رواں سال اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر پابندی عائد ہونے کے بعد ہوئیں، مارچ میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو 492 رنز سے ہرایا تھا۔

کرکٹ کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح انگلینڈ کی ہے جب اُس نے 1928 میں آسٹریلیا کو برسبین میں 675 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسری بڑی فتح آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف 1934 میں اوول میں 562 رنز کے ساتھ حاصل کی ۔

محمد عباس متحدہ عرب امارات میں کسی بھی ٹیسٹ میں 10 وکٹیں لینے والے پہلے فاسٹ بولر ہیں، اس سے پہلے دسمبر 2013ء میں جنید خان کی سری لنکا کے خلاف ابوظہبی میں 151 رنز دےکر8 وکٹیں بہترین پرفارمنس تھی۔

محمد عباس 12 سال بعد کسی بھی ٹیسٹ میں 10وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی فاسٹ بولر بن گئے ہیں،آخری مرتبہ 2006ء میں فاسٹ بولر محمد آصف نے کینڈی میں سری لنکا کے خلاف 10وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ آخری دس برسوں میں پاکستانی فاسٹ بولرز کے پانچ بہترین اعداد وشماربھی محمد عباس یا محمد آصف کے ہیں۔

محمد عباس نے سیریز میں 10 اعشاریہ 58 کی اوسط سے 17 وکٹیں لیں جو15 یا اُس سے زیادہ وکٹوں کی صورت میں کسی بھی پاکستانی بولر کی سب سے بہترین اوسط ہے،پچھلی بہترین اوسط 2006ء میں سری لنکا کے محمد آصف کی 10 اعشاریہ 76 تھی۔

ٹیسٹ کیرئیر میں محمدعباس کی اوسط 15 اعشاریہ 64 ہے جو 50 سے زائد وکٹوں کے ساتھ پچھلے 100 سال میں کسی بھی فاسٹ بولرکی سب سے بہترین جبکہ کرکٹ کی تاریخ میں اب تک کی چوتھی بہترین اوسط ہے۔

محمد عباس آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میں 10وکٹیں لینے والے پانچویں پاکستانی فاسٹ بولر ہیں جبکہ 1990ء میں ملبورن کرکٹ گراؤنڈ پر وسیم اکرم کی 160 رنز کے عوض 11 وکٹوں کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی فاسٹ بولر ہیں۔

XS
SM
MD
LG