رسائی کے لنکس

پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیت لی


محمد عباس ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں لے کر متحدہ عرب امارات میں یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے بالر بن گئے۔

محمد عباس اور یاسر شاہ کی تباہ کن بولنگ نے پاکستان کی ٹیم کو فتح سے ہم کنار کردیا اور قومی ٹیم نے ابوظہبی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو 373رنز کے بڑے فرق سے ہرا کر سیریز 0-1 سے اپنے نام کرلی۔

محمد عباس ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں لے کر متحدہ عرب امارات میں یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے بالر بن گئے۔

آسٹریلوی مڈل آرڈر جمعے کو ایک بار پھر ناکام ہوگیا۔ حریف بلے بازوں کے پاس محمد عباس کی بالنگ میں مہارت کا کوئی جواب نہیں تھا جب کہ یاسر شاہ نے بھی دوسرے اینڈ پر آسٹریلوی بلے بازوں کو جمنے کا موقع نہیں دیا۔

ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلیا نے 47 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر اننگز شروع کی تو پاکستان کو اپنی پہلی کامیابی کے لیے زیادہ دیر انتظار نہیں کرنا پڑا۔ محمد عباس نے ٹریوس ہیڈ کو 36 رنز پر پویلین راہ دکھائی تو اُس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 71 رنز تھا۔

ابھی اسکور میں صرف 6 رنز کا اضافہ ہی ہوا تھا کہ نئے آنے والے بیٹسمین مچل مارش کو محمد عباس نے 5 رنز پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔

ابوظہبی کی وکٹ میں فاسٹ بالرز کے لیے کچھ نہیں تھا۔ لیکن پھر بھی محمد عباس نے عمدہ لائن اور لینتھ کے ساتھ بولنگ کرتے ہوئے کسی بھی بیٹسمین کو وکٹ پر ٹہرنے نہیں دیا۔

انہوں نے اپنے ایک اوور میں پہلے فنچ کو 31 رنز ایل بی ڈبلیو کیا اور پھر کپتان ٹم پین کو بغیر کھاتہ کھولے کلین بولڈ کردیا۔

محمد عباس وکٹ لینے کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
محمد عباس وکٹ لینے کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں صرف 78 رنز پر آسٹریلیا کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ تاہم مشکل صورتِ حال میں ٹیل اینڈرز لبوشان اور مچل اسٹارک نے پاکستانی بالرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں 67 رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 145 تک پہنچادیا۔

مچل اسٹارک 28 رنز کی اننگز کھیل کر ہمت ہار گئے اور یاسرشاہ گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ پیٹر سِڈل بھی یاسرشاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ وہ ٹیم کے اسکور میں صرف 3 رنز کا حصہ ڈال سکے۔

جون ہالینڈ کو صرف تین رنز پر سلپ میں کیچ آؤٹ کراکر سیریز کی آخری وکٹ بھی یاسر شاہ نے لی۔

عثمان خواجہ ان فٹ ہونے کے باعث کھیلنے نہیں آئے۔ یوں آسٹریلوی ٹیم 538 رنز کے تعاقب میں صرف 164 رنز ہی بناسکی اور پاکستان نے نہ صرف ٹیسٹ بلکہ سیریز بھی ایک۔صفر سے جیت لی۔

محمد عباس سب سے کامیاب بالر رہے۔ انہوں نے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں پانچ، پانچ اور مجموعی طور پر 10 وکٹیں لیں۔ یہ پہلا موقع ہے جب کسی بالر نے متحدہ عرب امارات میں کسی بھی ٹیسٹ میں 10 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

شاندار بولنگ پرفارمنس پر محمد عباس کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

یاسر شاہ نے شاندار بولنگ کی اور تین وکٹیں لیں۔ ایک وکٹ میر حمزہ کے حصے میں آئی۔

آخری اسکور یہ رہا: پاکستان 282 اور 400 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر۔ آسٹریلیا 145 اور 164 رنز۔

XS
SM
MD
LG