رسائی کے لنکس

چینی ہیکر کرونا ویکسین کی معلومات چرانا چاہتے ہیں: امریکہ


امریکہ نے چین پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ان جرائم پیشہ ہیکروں کو تعاون فراہم کر رہا ہے جو دنیا بھر میں کرونا وائرس کی ویکسین اور علاج پر کام کرنے والی بایوٹیک کمپنیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

امریکی محکمۂ انصاف نے منگل کو ریاست واشنگٹن میں ایک فردِ جرم جاری کی۔ اس میں انجینئرنگ کے دو سابق طلبہ پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ دواساز اداروں، اعلیٰ سطح کی پیداواری کمپنیوں اور کمپیوٹر گیم بنانے والوں کی معلومات چوری کر رہے ہیں۔

گیارہ نکاتی فردِ جرم میں لی شیاؤ ژو اور ڈونگ جیاژی کو امریکہ، چین اور ہانگ کانگ میں حکومت کے منحرفین، مذہبی رہنماؤں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو بھی نشانہ بنانے کا ملزم قرار دیا گیا ہے۔

ایف بی آئی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیوڈ بوڈچ کا کہنا ہے کہ چین انٹلکچوئل پراپرٹی اور تحقیق کو چوری کرتا ہے جس سے اس کی معیشت کو فائدہ ہوتا ہے۔ اس کے بعد وہ ناجائز فوائد کو ان ملکوں کو خاموش کرانے کے لیے بطور ہتھیار استعمال کرتا ہے جو اس کی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف آواز اٹھاتا ہے۔ کسی قابل بھروسہ عالمی طاقت سے اس طرح کے معاشی جبر کی توقع نہیں کی جاتی۔ یہ منظم جرائم پیشہ گروہ جیسا طریقہ ہے۔

محکمۂ انصاف کے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کبھی چین کے جاسوس اداروں کے لیے کام کرتے ہیں اور کبھی خود فائدہ حاصل کرنے کے لیے سائبر حملے کرتے ہیں۔ حکام کے مطابق، ان ملزموں پر اس ماہ کے آغاز میں عائد اور منگل کو عام کی گئی فرد جرم اس خطرے کو روکنے کی جانب پہلا قدم ہے۔

امریکی انتظامیہ کے اہلکاروں نے کہا ہے کہ چین کے جاسوس اداروں کی ہدایت پر ان دو ہیکروں نے اس سال اپنی توجہ کا رخ موڑ کر ویکسین کی تحقیق اور کرونا وائرس سے متعلق معلومات کی جانب کیا۔ یہ نہیں بتایا گیا کہ ہیکر اپنی کوشش میں اس میں کامیاب ہوئے یا نہیں۔

ایف بی آئی اور ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکورٹی نے مئی میں خبردار کیا تھا کہ چینی حکومت سے منسلک ہیکر کرونا وائرس کی ویکسین سے متعلق معلومات کو کو ہدف بنارہے ہیں۔

ٹرمپ انتظامیہ نے حال میں چین پر تنقید میں اضافہ کیا ہے۔ اس کا موقف ہے کہ چین راز چرانے کی کوشش کرتا ہے اور کرونا وائرس کی وبا کا پھیلاؤ روکنے میں ناکام رہا ہے۔ امریکی انتظامیہ کہتی ہے کہ چین وبا کو روکنے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ کام نہیں کررہا اور اس کی خفیہ سرگرمی تحقیق کی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

چند دن پہلے امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے روس پر الزام لگایا تھا کہ وہ کرونا وائرس کی ویکسین کی تیاری سے متعلق معلومات چرانے کی کوشش کررہا ہے۔ چین اور روس کی حکومتوں ان الزامات کی تردید کرتی رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG