رسائی کے لنکس

صدر ٹرمپ کا کرونا کا علاج جاری، دوسرے صدارتی مباحثے میں شرکت کا عندیہ


صدر ٹرمپ والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر میں 72 گھنٹے تک زیرِ علاج رہے۔
صدر ٹرمپ والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر میں 72 گھنٹے تک زیرِ علاج رہے۔

کرونا وائرس کے شکار امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صحت میں بہتری آ رہی ہے اور اُنہیں اسپتال سے وائٹ ہاؤس منتقل کر دیا گیا ہے۔

ان کا وائٹ ہاؤس میں کرونا وائرس کا علاج جاری ہے۔ تاہم صدر نے کہا ہے کہ وہ اپنے ڈیموکریٹک مدمقابل جو بائیڈن کے ساتھ 15 اکتوبر کو دوسرے صدارتی مباحثے میں شرکت کریں گے۔


دوسرا صدارتی مباحثہ میامی میں ہو گا۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ اس کے لیے تیار ہیں اور وہ خوب رہے گا۔

اس سے قبل صدر ٹرمپ ریاست میری لینڈ کے فوجی اسپتال میں 72 گھنٹے تک زیرِ علاج رہنے کے بعد پیر کو وائٹ ہاؤس پہنچے تو وہاں موجود افراد نے اُن کا استقبال کیا۔

والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر سے ڈسچارج ہونے کے بعد وائٹ ہاؤس کی جانب روانگی سے قبل صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ ہر شخص کے شکرگزار ہیں۔

وائٹ ہاؤس پہنچنے پر صدر ٹرمپ نے میڈیا کے کیمروں کو دیکھ کر اپنے دونوں انگوٹھے فضا میں بلند کیے اور انہوں نے ماسک بھی اُتار دیا۔

صدر ٹرمپ اسپتال سے ڈسچارج ہوئے تو انہوں نے ماسک پہن رکھا تھا۔ وائٹ ہاؤس پہنچے کے فوری بعد انہوں نے ماسک اتار کر الگ رکھ دیا۔
صدر ٹرمپ اسپتال سے ڈسچارج ہوئے تو انہوں نے ماسک پہن رکھا تھا۔ وائٹ ہاؤس پہنچے کے فوری بعد انہوں نے ماسک اتار کر الگ رکھ دیا۔

اس موقع پر وائس آف امریکہ کے نمائندے نے سوال کیا کہ آپ کی طبیعت کیسی ہے؟ جس پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ بہت اچھا محسوس کر رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بھی کہا کہ کرونا وائرس سے خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں اور نہ ہی اسے اپنے اوپر حاوی ہونے دیں۔ اُن کے بقول وہ اس وقت خود کو 20 برس کم عمر محسوس کر رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے کرونا وبا کے علاج کے لیے زبردست ادویات بنا لی ہیں اور حکومت کو اس وبا سے متعلق بہتر ادراک ہے۔

دوسری جانب صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ری پبلکن امیدوار 15 اکتوبر کو ہونے والے دوسرے صدارتی مباحثے میں شرکت کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

ادھر صدر ٹرمپ کے معالج ڈاکٹر شان کونلی نے پیر کی شام میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹروں نے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کی حالت بہتر ہے اور وہ گھر واپس جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وائٹ ہاؤس میں طبی سہولیات موجود ہیں اور ڈاکٹرز ہر وقت اُن کی نگرانی کے لیے دستیاب ہوں گے۔

یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے جمعے کو اپنے ایک ٹوئٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ وہ اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ اسی روز صدر ٹرمپ کو بخار کی شدت میں اضافے کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

صدر ٹرمپ ایسے وقت میں کرونا کا شکار ہوئے ہیں جب وہ انتخابی مہم کے سلسلے میں مختلف ریاستوں کا دورہ کر رہے تھے۔

عالمی وبا کا شکار ہونے سے دو روز قبل ہی صدر ٹرمپ نے ریاست اوہائیو میں پہلے صدارتی مباحثے میں شرکت کی تھی جس کے بعد بدھ کو انہوں نے منی سوٹا میں انتخابی ریلی سے خطاب بھی کیا تھا۔​

XS
SM
MD
LG