رسائی کے لنکس

محمد رضوان: تیزی سے کامیابی سمیٹنے والے کرکٹر


محمد رضوان تینوں فارمیٹس میں سینچری بنانے والے دنیا کے دوسرے وکٹ کیپر ہیں۔
محمد رضوان تینوں فارمیٹس میں سینچری بنانے والے دنیا کے دوسرے وکٹ کیپر ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اپنی کارکردگی کی بدولت تیزی سے جہاں ریکارڈ بک میں اپنا نام لکھوا رہے ہیں وہیں انہیں قائدانہ ذمہ داریاں بھی مل رہی ہیں۔

جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق محمد رضوان 74 درجے ترقی پا کر 116 ویں پوزیشن سے 42 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں جو ان کے ٹی ٹوئنٹی کریئر کی بہترین پوزیشن ہے۔

رضوان نے جنوبی افریقہ کے خلاف 98 اعشارہ پانچ کی اوسط سے تین میچز میں 197 رنز بنائے جس میں ایک سینچری بھی شامل تھی۔

جنوبی افریقہ کے خلاف محمد رضوان نے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نمایاں کارکردگی پیش کی تھی۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وہ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جب کہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں سینچری بنانے والے وہ دنیا کے دوسرے اور پاکستان کے پہلے وکٹ کیپر بلے باز بن گئے ہیں۔

اس فہرست میں نیوزی لینڈ کے سابق وکٹ کیپر بلے باز برینڈن میکلم پہلے نمبر پر ہیں۔ کئی نامور وکٹ کیپر جیسا کہ آسٹریلیا کے ایڈم گلکرسٹ، سری لنکا کے کمار سنگاکارا، بھارت کے مہندرا سنگھ دھونی اور جنوبی افریقہ کے اے بی ڈویلیئرز تینوں فارمیٹس میں سینچری بنانے والے وکٹ کیپر بلے بازوں میں شامل نہیں۔

رضوان کی حالیہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے پاکستان سپر لیگ میں شامل ٹیم ملتان سلطانز نے انہیں ایونٹ کے چھٹے ایڈیشن کے لیے ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔

محمد رضوان 20 فروری سے شروع ہونے والے ایونٹ میں پہلی مرتبہ ملتان سلطانز کی نمائندگی کریں گے۔ اس سے قبل وہ کراچی کنگز کا حصہ تھے لیکن گزشتہ سیزن میں انہیں صرف ایک ہی میچ میں موقع دیا گیا تھا۔

رضوان نے اب تک پی ایس ایل کے مجموعی طور پر 23 میچز کھیلے ہیں اور وہ 2018، 2019 اور 2020 میں کراچی کی نمائندگی کرنے سے قبل 2016-17 میں لاہور قلندرز کی طرف سے بھی کھیل چکے ہیں۔

پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے لیے ملتان سلطانز نے محمد رضوان کو سلور کیٹیگری میں منتخب کیا تھا۔ تاہم جنوبی افریقہ کے خلاف اُن کی حالیہ کارکردگی کے بعد فرنچائز اونرز نے رضوان کو شان مسعود کی جگہ ٹیم کی قیادت سونپ دی ہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق محمد رضوان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں ملتان کی قیادت کے لیے تیار ہیں۔

یاد رہے کہ ملتان سلطانز میں شاہد آفریدی، سہیل تنویر اور شان مسعود جیسے تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں جو رضوان کی زیرِ قیادت کھیلیں گے۔

ٹیسٹ ٹیم کی قیادت

محمد رضوان نے 25 نومبر 2016 کو نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے کریئر کا پہلا ٹیسٹ میچ ہیملٹن میں کھیلا تھا۔

چار برس بعد یعنی 2020 میں انہوں نے 28 سال کی عمر میں اپنے کریئر کے دسویں ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی جانب سے بطور کپتان ٹیم کی نمائندگی کی۔

رضوان پاکستان کے چھٹے وکٹ کیپر ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیم کی قیادت کی۔ ان سے قبل امتیاز احمد، وسیم باری، معین خان، راشد لطیف اور سرفراز احمد بطور کپتان کھیل چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG