ہالی وڈ کے سب سے بڑے ایوارڈز آسکرز کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رض احمد بھی بہترین اداکار کی کیٹیگری میں نامزدگی حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔ وہ اس کیٹیگری میں نامزد ہونے والے پہلے مسلمان اداکار بن گئے ہیں۔
ہالی وڈ کی تاریخ پر بنائی گئی فلم 'منک' 10 نامزدگیاں حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ ان میں بہترین فلم، بہترین ہدایت کار کے لیے ڈیوڈ فنچر، فلم میں بہترین اداکاری پر گیری اولڈ مین اور بہترین معاون اداکارہ کی کیٹیگری میں امینڈا سیفرائیڈ شامل ہیں۔
فلم نے بہترین میک اپ اور ساؤنڈ ڈیزائن کی کیٹیگریز میں بھی نامزدگیاں حاصل کی ہیں۔
بہترین فلم کے لیے نامزد ہونے والی فلموں میں 'منک' کے علاوہ 'دی فادر'، 'نومیڈلینڈ'، 'پرومیسنگ ینگ وومن'، 'مناری'، 'ساؤنڈ آف میٹل'، 'جوڈاس اینڈ دی بلیک مسیحا' اور 'دی ٹرائل آف دی شکاگو سیون' شامل ہیں۔
بہترین ایکٹنگ کی کیٹیگریز میں نامزد ہونے والے 20 فن کاروں میں نو غیر سفید فام اداکار بھی شامل ہیں جن میں پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رضوان احمد (رض احمد) کو فلم 'ساؤنڈ آف میٹل' میں اداکاری کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
ان کے علاوہ انتھونی ہاپکنز کو فلم 'دی فادر'، گیری اولڈ مین کو فلم 'منک' جب کہ اسٹیون یون کو 'مناری' کے لیے بہترین اداکار کی کیٹیگری کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ اسٹیون یون یہ نامزدگی حاصل کرنے والے پہلے ایشیائی امریکی ہیں۔ اس کیٹیگری میں نامزد ہونے والے پانچویں اداکار چیڈوک بوسمین ہیں جنہیں فلم 'ما رینیز بلیک باٹم' میں اداکاری پر بعد از مرگ نامزدگی ملی ہے۔
بہترین ادکارہ کی کیٹیگری میں وائلا ڈیوس کو فلم (Ma Rainey's Black Bottom) اینڈرا دے کو (The United States vs. Billie Holiday) وینیسا کربی کو (Pieces of a Woman) فرانسیس میک ڈورمنڈ (Nomadland) اور کیری ملیگن کو فلم (Promising Young Woman) کے لیے نامزد ہوئی ہیں۔
بہترین معاون اداکارہ کی کیٹیگری میں ماریا باکالوا (Borat Subsequent Moviefilm)، گلین کلوز (Hillbilly Elegy)، اولیویا کولمین (The Father) جب کہ فلم (Mank) کے لیے ایمنڈا سیفرائیڈ کو نامزد کیا گیا ہے۔ فلم Minari کے لیے یوین جنگ نامزد ہوئی ہیں۔
بہترین معاون اداکار کی کیٹیگری میں ساشا بیرن کوہن کو فلم (The Trial of the Chicago 7 )، ڈینئل کلویا کو فلم (Judas and the Black Messiah)، لیزلی اوڈم جونیئر کو فلم (One Night in Miami)، پال راچی کو فلم (Sound of Metal) اور لاکیتھ اسٹین فیلڈ کو بھی (Judas and the Black Messiah) کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
پہلی مرتبہ دو خواتین ہدایت کاروں کی نامزدگی
آسکرز کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 76 خواتین مختلف کیٹیگریز میں نامزد ہوئی ہیں۔
ایوارڈز کی 93 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ دو خواتین ہدایت کاروں کو بہترین ہدایت کاروں کی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا ہے جن میں چینی نژاد ہدایت کارہ کلوئی چاؤ (نومیڈلینڈ) جب کہ ایمرل فینل (پرومیسنگ ینگ وومن) شامل ہیں۔
آسکر ایوارڈز کی انتظامیہ پر ماضی میں یہ تنقید ہوتی رہی ہے کہ اس کے ارکان اور نامزدگیوں میں تنوع نہیں ہے۔ تاہم گزشتہ سال انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ اس شکایت کو دُور کرے گی۔
بہترین ہدایت کار کی کیٹیگری میں ہمیشہ مردوں کا ہی راج رہا ہے۔ اس بار ان دونوں خواتین کے ساتھ اس کیٹیگری میں نامزد ہونے والوں میں تھامس ونٹربرگ (این ادر راؤنڈ)، ڈیوڈ فنچر (منک) اور لی آئزک چنگ (مناری) شامل ہیں۔
'نیٹ فلکس' کی پروڈکشنز 35 نامزدگیاں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
رواں سال آسکرز کی تقریب 25 اپریل کو ہوگی۔ منتظمین کے مطابق اس بار ورچوئل تقریب کے بجائے ایوارڈ جیتنے والے افراد کو ہالی وڈ کے ڈولبی تھیٹرز اور لاس اینجلس کے یونین اسٹیشن میں ہونے والی تقاریب میں ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
البتہ ان تقاریب کی مزید تفصیلات اور میزبانوں کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔