رسائی کے لنکس

سلمان خان نے 'رادھے' کا ریویو کرنے والے کمال آر خان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر دیا


سلمان خان (فائل فوٹو)
سلمان خان (فائل فوٹو)

بالی وڈ کے سلطان سلمان خان نے عید کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلم 'رادھے: یور موسٹ وانٹڈ بھائی' کا ریویو کرنے والے بھارتی اداکار اور رائٹر کمال آر خان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا ہے۔

سلمان خان نے 25 مئی کو بھارت کے شہر ممبئی کی مقامی عدالت میں کمال آر خان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔

کمال آر خان نے سلمان خان کی جانب سے بھیجے جانے والے نوٹس کی تصویر بھی ٹوئٹر پر شیئر کی اور کہا کہ "میں اپنے فالوورز کے لیے ریویو کرتا ہوں اور یہی میرا کام ہے۔"

ان کے بقول سلمان خان کو مجھے ریویو کرنے سے روکنے کے بجائے بہتر فلمز بنانی چاہیئں۔

کمال آر کے خلاف دائر مقدمے کی سماعت آج (جمعرات) ممبئی کے سٹی سول کورٹ میں ہوئی۔

سماعت سے متعلق بھارتی اداکار و رائٹر کمال آر خان نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر ٹوئٹ بھی کی۔

اپنے ٹوئٹ میں کمال آر خان کا کہنا تھا کہ سماعت مکمل ہو گئی ہے جب کہ عدالت نے اگلی سماعت کی تاریخ سات جون 2021 مقرر کی ہے۔

باکس آفس ورلڈ وائڈ کی رپورٹ کے مطابق سلمان خان کی قانونی ٹیم نے کمال آر خان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنے کی وضاحت کرتے ہوئے جاری بیان میں کہا کہ "کمال آر خان نے اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس اور ویڈیوز میں دعویٰ کیا ہے کہ سلمان خان نے ان پر فلم ریویو کرنے پر مقدمہ درج کیا ہے یہ بات غلط ہے۔"

سلمان خان کی قانونی ٹیم اپنے بیان میں کہا کہ کمال آر خان کے خلاف مقدمہ توہین آمیر الزامات جس میں سلمان خان کو کرپٹ اور ان کی برانڈ بینگ ہیومن کے فراڈ میں ملوث ہونے سمیت دیگر الزامات کی بنیاد پر دائر کیا ہے۔

کیس کی سماعت کے بعد کمال آر خان نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ کورٹ کے حکم کے مطابق میں سلمان خان اور اس کیس سے متعلق بات نہیں کر سکتا یہی وجہ ہے کہ میں سلمان خان کی قانونی ٹیم کے بیان کا جواب نہیں دے سکتا۔

انہوں نے کہا کہ میں سات جون کی سماعت کے بعد ویڈیو پیغام کے ذریعے جواب دوں گا۔

سلمان خان کی جانب سے فلم رادھے کا ریویو کرنے پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنے کے حوالے سے کمال آر خان نے سلسلہ وار ٹوئٹس کے ذریعے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

کمال آر خان نے کہا کہ میں کئی مرتبہ یہ بات کہہ چکا ہوں کہ میں کبھی بھی کسی پروڈیوسر یا اداکار کے کہنے پر کوئی فلم ریویو نہیں کرتا، سلمان خان نے فلم رادھے ریویو کرنے پر میرے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر دیا جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ میرے ریویو سے متاثر ہوئے ہیں اور اب میں ان کی کوئی فلم ریویو نہیں کروں گا۔

علاوہ ازیں کمال آر خان نے یہ بھی کہا کہ سلمان خان کے والد سلیم خان نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ رادھے اچھی فلم نہیں ہے جس کا یہ مطلب تھا کہ وہ سلمان خان کو اشارہ دے رہے تھے کہ وہ اس بات کو قبول کریں کہ ان کی فلم اچھی نہیں تھی بجائے اس کے کہ وہ ہتک عزت کا مقدمہ دائر کریں۔

کمال آر خان نے اپنے ٹوئٹ میں سلمان خان کے والد کا سچ کی حمایت کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ اداکار سلمان خان کی فلم 'رادھے: یور موسٹ وانٹڈ بھائی بھائی' کو 13 مئی کو آن لائن ریلیز کیا گیا تھا۔

سلمان خان کی فلم رادھے کو آئی این ڈی بی (انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس) پر دو اعشاریہ ایک ریٹنگز موصول ہوئی ہیں۔

آئی این ڈی بی (انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس) ایک ایسی سائٹ ہے جس پر فلم، ٹیلی ویژن پروگرام، گیمز، آن لائن اسٹریمنگ مواد شخصیات کی ریٹنگز کرتی ہے۔

علاوہ ازیں فلم میں سلمان خان نے ایک پولیس افسر کا کردار ادا کیا ہے جو جرائم پیشہ افراد کا انکاؤنٹر کرتا ہے جب کہ رادھے کی دیگر کاسٹ میں اداکارہ دیشا پٹانی اور جیکی شروف بھی شام ہیں۔ رندیپ ہودا نے فلم میں وِلن کا کردار نبھایا ہے۔

فلم کی ہدایات پربھو دیوا نے دی ہیں۔ اس سے قبل وہ سلمان خان کی مقبول ترین فلموں 'وانٹڈ' اور 'دبنگ تھری' کی ہدایت کاری بھی کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG