پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں منگل کو ہونے والے فیصلہ کن مرحلے کے بعد ملتان سلطان کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹد کو شکست دینے کے بعد فائنل میں پہنچ گئی ہے جبکہ دفاعی چیمپین کراچی کنگز کا سفر پہلے ایلیمینیٹر پر پشاور زلمی کے ہاتھوں کانٹے دار مقابلے کے بعد پانچ وکٹوں سے شکست پر ختم ہو گیا۔
دوسرا ایلیمنیٹر منگل کو زلمی اور یونائیٹڈ کے درمیان ہو گا جس میں فاتح ٹیم فائنل میں ملتان سلطان کے مدمقابل میدان میں اترے گی۔
ایونٹ کے پہلے ایلیمینیٹر میں پشاور زلمی نے دفاعی چیمپئین کراچی کنگز کی ٹیم کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا۔ پشاور زلمی نے ناک آوٹ مرحلے کا یہ میچ کانٹے کے مقابلے کے بعد سیکنڈ لاسٹ بال پر پانچ وکٹوں سے جیت لیا۔
آخری اوور میں سات رنز درکار تھے جو زلمی نے اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کر لیے لیکن اس اوور کی پہلی اور پانچویں گیند پر دو کیچ ڈراپ ہوئے جس پر ایک ایک رنز بھی آسانی سے بن گیا۔
ابو ظہبی میں کھیلے جانے والے پہلے ایلیمینیڑ میں اوپنر حضرت اللہ زازئی نے بطور اوپنر جارحانہ بلے بازی کے اور اسکور تیزی سے آگے بڑھایا۔ ان کے سامنے کراچی کنگز کے باولرز بے بس نظر آئے اور انہوں نے 38 گیندوں پر 5 چھکوں اور دس چوکوں کی مدد سے 77 رنز بنائے اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ تسارا پریرا کی گیند پر باونڈری پر کیچ آوٹ ہوئے۔
زازئی کے علاوہ دیگر نمایاں سکورر میں شعیب ملک نے 30، خالد عثمان اور رتھفیلڈ نے سترہ سترہ رنز کی اننگ کھیلی۔
میچ کے آخری اوور میں دلچسپ صورت اختیار کر گئی جب پہلی ہی گیند پر رتھ فیلڈ نے گیند کو ہوا میں اچھال دیا لیکن شارٹ مڈ وکٹ پر کھڑے دانش عزیز کیچ نہ پکڑ سکے۔ اسی طرح کھیل کی پانچویں گیند پر کیچ کا موقع جس سے فائدہ نہ اٹھایا جا سکا۔ اس طرح پشاور زلمی نے دلچسپ مقابلے کے بعد دوسرے ایلیمینٹر کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جہاں وہ منگل کو اسلام آباد یونائٹڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔
کراچی کنگز کی جانب سے کامیاب باولر رہے تسارا پریرا جنہوں نے دس رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عامر، محمد الیاس اور نور احمد کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
اس سے قبل کراچی کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اووروں میں سات وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز اسکور کیے۔ بابر اعظم 45 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنا کر سے سے بڑے اسکورر رہے۔ تسارا پریرا نے 18 گیندوں پر تین چھکوں کی مدد سے 37 اور اوپنر شرجیل خان نے 20 گیندوں پر 26 رنز بنائے اور نمایاں سکورر رہے۔
وہاب ریاض، عمید آصف اور محمد عرفان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
منگل ہی کو کھیلے جانے والے فائنلے کے لیے کوالیفائنگ میچ میں ملتان سلطان نے فیورٹ اسلام آباد یونائٹیڈ کو 31 رنز سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ سلطانز کی فتح میں اہم کردار تجربہ کار سہیل تنویر، عمران طاہر اور مزاربانی کی باولنگ نے ادا کیا اور اب تک کی فیورٹ اسلام آباد یونائیٹڈ ایک سو اسی رنز تعاقب میں 149 رنز پر ڈھیرہو گئی۔
اسلام آباد یونائیٹد کی بیٹنگ کا آغاز ہی مایوس کن رہا جب پہلی ہی گیند پر سہیل تنویر نے کالن منرو کو کلین بولڈ کر دیا۔ کپتان شاداب خان بھی سہیل تنویر کے سلو بال کو نہ سمجھ سکے اور کیچ تھما بیٹھے۔ وہ بنا رن سکور کیے آوٹ ہوئے۔ محمد اخلاق دس رنز بنانے کے بعد رن آوٹ ہو گئے۔ اس موقع پران فارم افتخار احمد اور اوپنر عثمان خواجہ کے درمیان 40 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی مگر 54 کے مجموعی سکور پر افتخار احمد 16 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔ ہارڈ ہٹنگ میں معروف آصف علی بھی عمران طاہر کا نشانہ بنے اور صرف ایک رن بنا کر سٹمپ آوٹ ہو گئے۔
دوسرے اینڈ سے عثمان خواجہ نے تیز رفتاری سے بلے بازی جاری رکھی اور ٹیم کو ایک بار پھر کھیل میں واپس لے کر آ گئے تھے لیکن جب سکور 111 پر پہنچا تو وہ سہیل تنویر کی گیند پر باونڈری لائن پر کیچ آوٹ ہو گئے۔ انہوں نے 70 رنز بنائے۔ حسین طلعت نے 25 رنز بنائے اور فہیم اشرف کوئی رن نہ بنا سکے۔ سہیل تنویز اور مزاربانی نے تین تین جبکہ عمران طاہر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل ملتان سلطان کی ٹیم نے کپتان محمد رضوان کے بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہو جانے کے باوجود 181 رنز کا اچھا ہدف دیا۔ صہیب مقصود کے 41 گیندوں پر تین چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے اور ٹاپ سکورر رہے۔ جانسن چارلس نے 21 گیندوں پر تین چھکوں کے ساتھ 41 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی۔ اوپنر شان مسعود نے پچیس رنز بنائے۔ فہیم اشرف اور شاداب خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
ایونٹ میں ٹیبل پر سرفہرست ہونے کی وجہ سے اس ایلیمینٹر میں شکست کے باوجود اسلام آباد یونائیٹد کے پاس فائنل میں پہنچنے کا آپشن موجود ہے۔ منگک کو اس کا مقابلہ پہلے ایلیمینیٹر کی فاتح تیم پشاور زلمی سے ہو گا اور جو بھی فاتح ہو گا وہ فائنل میں ملتان سلطان کے مد مقابل ہو گا۔ فائنل 24 جون کو ابوظہبی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔