رسائی کے لنکس

میامی میں 12 منزلہ عمارت گرنے سے ڈیڑھ سو سے زیادہ افراد لاپتا، چار ہلاک


عمارت کے گرنے والے حصے میں 130 اپارٹمنٹس تھے۔ 24 جون 2021
عمارت کے گرنے والے حصے میں 130 اپارٹمنٹس تھے۔ 24 جون 2021

امریکی ریاست فلوریڈا کے بحر اقیانوس پر واقع سیاحتی اہمیت کے شہر میامی میں جمعرات کی صبح سویرے ایک 12 منزلہ عمارت کے اچانک گرنے کے بعد سے ڈیڑھ سو سے زیادہ افراد لاپتا ہیں، جب کہ ملبے سے چار نعشیں نکال لی گئی ہیں۔

ایسوسی ایٹڈپریس کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاپتا ہونے والوں میں کم ازکم 22 غیر ملکی بھی شامل ہیں، جن کا تعلق ارجنٹائن، روس، اسرائیل، جنوبی امریکہ اور پیراگوئے سے ہے۔

سمندر کے ساحل پر واقع اس اپارٹمنٹ کمپلکس میں لوگ ایک رات گزارنے بھی آتے تھے اور بعض ہفتوں بھی رہتے تھے۔

چمپلن ٹاور نامی اس عمارت کے اکثر کمروں کی کھڑکیاں سمندر کی طرف کھلتی تھیں اور یہاں ٹہرنے والے سیاح اپنے کمروں سے سمندر کی لہروں اور مد و جزر کا نظارہ کرتے تھے۔

ریسکو ورکرز امدادی سرگرمیوں میں ٘مصروف ہیں۔ 24 جون 2021
ریسکو ورکرز امدادی سرگرمیوں میں ٘مصروف ہیں۔ 24 جون 2021

جمعے کی صبح تک ایک سو انسٹھ افراد کے لاپتا ہونے کی اطلاع تھی اور امدادی کارکن بھاری مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹا کر انہیں تلاش کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے آلات کی مدد سے پتا چلا ہے کہ ٹنوں ملبے کے نیچے دبے افراد میں سے اب بھی کئی زندہ ہیں۔

میامی کی میئر ڈیویلا لیوین نے ایک ٹی وی شو 'گڈ مارننگ امریکہ' میں بات کرتے ہوئے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد بہت زیادہ ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملبے سے نکالے جانے والے گیارہ افراد زخمی ہیں جن میں سے چار کا اسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔

عمارت گرنے سے ہر طرف ملبہ بکھر گیا جس میں ڈیڑھ سو کے لگ بھگ افراد دبے ہوئے ہیں۔24 جون 2021
عمارت گرنے سے ہر طرف ملبہ بکھر گیا جس میں ڈیڑھ سو کے لگ بھگ افراد دبے ہوئے ہیں۔24 جون 2021

امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ 37 افراد کو ملبے کے ڈھیر سے نکال لیا گیا ہے اور دوسروں کی تلاش جا رہی ہے۔

بلند و بالا رہائشی عمارت کیوں گری، اس بارے میں عہدے داروں کا کہنا ہے کی فی الحال کچھ معلوم نہیں، وہ وجوہات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق عمارت دو حصوں میں گری۔ پہلے اس کا مرکزی حصہ زمین بوس ہوا اور پھر چند سیکنڈز کے وفقے کے بعد دوسرا حصہ بھی گر گیا اور ہر طرف گرد و غبار پھیل گیا۔

اے پی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بدقسمت عمارت میں پیراگوئے کی خاتون اول کی بہن بھی ٹہری ہوئی تھیں۔

عمارت میں پھنسے ہوئے لوگوں کو باہر نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔
عمارت میں پھنسے ہوئے لوگوں کو باہر نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔

اسرائیلی میڈیا نے میامی میں اسرائیل کے قونصل جنرل ماؤر الباز کے حوالے سے کہا ہے کہ ان کے خیال میں عمارت گرنے کے بعد 20 اسرائیل شہری لاپتا ہیں۔

لاپتا ہونے والے بہت سے لوگوں کے عزیز و اقارب جمعے کی صبح منہدم ہونے والی عمارت کے قریب واقع ایک مرکز میں جمع تھے اور ڈی این اے کی مدد سے اپنے پیاروں کو تلاش کر رہے تھے۔

XS
SM
MD
LG