رسائی کے لنکس

17:22 26.5.2022

الیکشن ایکٹ میں ترامیم پر تحریکِ انصاف کی تنقید

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی سے انتخابی اصلاحات کے حوالے سے بل کی منظوری پر تنقید کی ہے۔

پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین اور سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف نے بیرونِ ملک مقیم 90 لاکھ پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کا حق دیا تھا جس کو آج ختم کر دیا گیا ہے۔

16:33 26.5.2022

الیکشن کب کروانے ہیں یہ فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی: وزیرِ اعظم شہباز شریف

پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن کروانے کا فیصلہ پارلیمنٹ کو کرنا ہے, لہذٰا کسی کو ڈکٹیشن دینے کی ضرورت نہیں ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ الیکشن سے متعلق عمران خان کو ڈکٹیشن دینے کا کوئی حق نہیں، وہ ڈکٹیشن صرف گھر میں دیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ سیاست میں بات چیت کے دروازے ہر وقت کھلے رہتے ہیں، لیکن انتشار پھیلانے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں جتھے لانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے اور نہ ہی ڈنڈے کے زور پر کسی کے ناجائز مطالبات مانیں گے۔

الیکشن ایکٹ میں ترامیم کے حوالے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ان سے شفاف الیکشن کی راہ ہموار ہو گی۔

زیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار آئین کے تحت تحریکِ عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوئی۔ اُن کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کو سہارا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

14:25 26.5.2022

عمران خان نے کنٹینرز سے عدالتی فیصلے کی دھجیاں اڑائیں: وزیرِ داخلہ

پاکستان کے وفاقی وزیرِداخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے رات بھر کنٹینرز سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی دھجیاں اڑائیں اور وہ توہین عدالت کا اعلان کرتے رہے۔

انہوں نے جمعرات کو ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ وہ ساری رات سیکیورٹی حالات کی خود مانیٹرینگ کرتے رہے۔ عوام نے اس جتھے کو مسترد کردیا۔

ان کے بقول رات بھر جلاؤ ہوتا رہا، میٹرو اسٹیشن جلائے گئے، درختوں کو آگ لگائی گئی۔ ساری رات عمران خان سپریم کورٹ کے فیصلے کی دھجیاں اڑاتے رہے۔

رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ عوام نے سب دیکھا کہ عمران خان نے سپریم کورٹ سے غلط بیانی کی اور طے شدہ مقام پر جلسے کے بجائے ڈی چوک جانے کا اعلان کیا۔

سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے عوام کو منتشر کرنے سے متعلق انہوں نے کہا کہ پولیس نے ایک بھی ربڑ کی گولی نہیں چلائی۔ سب جھوٹا پروپیگنڈا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جتھے کو آنسو گیس سے کنٹرول کیا گیا۔ اس اثنا میں پولیس اور رینجرز کے 18 اہلکار شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔ لیکن پولیسن اور رینجرز لوگوں کی جان و مال کا فریضہ اسی طرح انجام دیتے رہیں گے۔

14:06 26.5.2022

سپریم کورٹ نے عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست نمٹا دی

سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے خلاف حکومت کی درخواست نمٹاتے ہوئے قرار دیا کہ عدالت احتجاج کے حق اور قیادت کی ہدایت پر عوامی ردِعمل پر غور کرے گی۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے عمران خان کے خلاف حکومت کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔

اس موقع پر اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے کہا کہ عدالتی حکم نامے میں تحریکِ انصاف کو پرامن احتجاج کی اجازت دی گئی تھی لیکن اس کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم مداخلت کرنا نہیں چاہتے جب تک کہ کوئی ٹھوس چیز نہیں آتی۔ عدالت احتجاج کے حق اور قیادت کی ہدایت پر عوامی ردعمل پر غور کرے گی۔

اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ کے دوران 31 پولیس اہلکار زخمی ہوئے اور مظاہرین مشتعل ہوئے اور پارٹی قیادت نے کارکنان کو ڈی چوک پہنچنے کی ہدایت کی تھی۔ اٹارنی جنرل نے عدالت کو اسلام آباد میں جلاؤ گھیراؤ کا بھی بتایا۔

اس موقع پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایسا لگتا ہے کہ شہریوں نے آنسو گیس کی شیلنگ سے بچنے کے لیے درختوں کو آگ لگائی تھی۔ اس وقت مظاہرین کے ساتھ قیادت موجود نہیں تھی اور ایسے واقعات قیادت روک سکتی تھی۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG